کراچی ،وی وی آئی پی پروٹوکول کے باعث بچی بسمہ کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

بدھ 23 دسمبر 2015 21:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔23دسمبر۔2015ء) کراچی کے علاقے لیاری میں بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کے وی وی آئی پی پروٹوکول کے باعث دس ماہ کے معصوم بچی بسمہ کی نماز جنازہ گبول پارک لیاری میں ادا کردی گئی جبکہ تدفین میوہ شاہ قبرستان میں کی گئی،بچی کے والد کا کہنا تھا کہ انھوں نے ہمیشہ پیپلز پارٹی کو ووٹ دیا لیکن انھیں اس کا اجر مل گیا۔

اہلخانہ کے مطابق پیپلز پارٹی کا نعرہ 'روٹی، کپڑا اور مکان' ہے، لیکن غریبوں کی جماعت کہلانے والی اس جماعت کے لیڈر کے پروٹوکول کی وجہ سے ایک معصوم بچی کی جان چلی گئی۔تفصیلات کے مطابق بدھ کی سہ پہر لیاری کا رہائشی کفایت اپنے دس ماہ کی معصوم بچی بسمہ کو علاج کیلئے سول اسپتال لا رہا تھا کہ راستے میں سکیورٹی اہلکاروں نے یہ کہہ کر اسے آگے جانے سے روک دیا کہ اسپتال میں بلال بھٹو زرداری اور قائم علی شاہ ٹراما سنٹر کا افتتاح کرنے آرہے ہیں آپ آگے نہیں جاسکتے ، بچے کے والد نے سکیورٹی اہلکاروں کی بار بار منتیں کیں مگر اسے آگے جانے کی اجازت نہ ملی ، بہت دیر کے بعد جب وہ اسپتال پہنچنے میں کامیاب ہوا تو اس کی بچی راستے میں دم توڑ چکی تھی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ بچی کو آنے میں دس منٹ کی تاخیر ہوگئی اگر اسے چند منٹ پہلے اسپتال لایا جاتا تو اس کی جان بچائی جاسکتی تھی ، بچی کے والد نے اسپتال کے احاطے میں بچی کی لاش ہاتھوں میں اٹھائے زار و قطار روتے ہوئے میڈیا سے فریاد کی کہ اسے بتایا جائے کہ اس کا قصور کیا ہے اور اسے اب انصاف کون دلائے گا۔بلاول بھٹو زرداری اور قائم علی شاہ کی اسپتال آمد کے موقع پر50 سے زائد آپریشنز ملتوی کئے گئے اور آپریشن تھیٹرز 2 گھنٹے تک غیرفعال رہے ۔

اپنی ننھی بچی کو کھونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معصوم بسمہ کی والدہ نے کہا کہ پولیس والوں نے ہمیں آگے نہیں جانے دیا اور ہماری بچی ہمیں چھوڑ کر چلی گئی۔غم زدہ ماں کا کہنا تھا کہ بلاول اور دیگر حکمران خیال رکھیں، آئندہ اْن کی وجہ سے کوئی بسمہ والدین کو چھوڑ کر نہ جائے۔ان کا کہنا تھا کہ کیا ہم انسان نہیں ہیں،ہماری بچی کو سانس کی بیماری تھی اور اسکی سانس رک گئی تھیں، انہوں نے ہمیں اندرجانے نہیں دیا،بعد ازاں بعد نماز مغرب لیاری کے علاقے گبول پارک میں معصوم بسمہ کی نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں بڑی تعداد میں شہریوں اور علاقہ مکینوں نے شرکت کی ،نماز جنازہ کے بعد معصوم بسمہ کی تدفین آہوں اور سسکیوں میں میوہ شاہ قبرستان میں کردی گئی ۔

10 ماہ کی بچی کی ہلاکت پر بلاول ہاوٴس کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ بلاول بھٹو زرداری نے 15 سے 20 منٹ کے دوران ٹراما سینٹر کا دورہ کیا، افتتاح کیا اور واپس چلے گئے، اس دوران کوئی ٹریفک جام یا پروٹوکول نہیں تھا۔بلاول بھٹو زرداری نے 10 ماہ کی بسمہ کی ہلاکت کا نوٹس لے لیا اور سندھ حکومت کو واقعے کی غیر جانبدار انکوائری کا حکم دیا۔

دوسری جانب اپنے ٹویٹ پیغام میں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ہر بچے کی زندگی اہم ہے ، آج کے بعد ساری تقریبات وزیراعلیٰ ہاؤس میں کی جائیں۔ سول اسپتال کراچی میں بلاول بھٹو زرداری کی آمد پر وی آئی پی پروٹوکول کے باعث بچی کے انتقال پر بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ کسی اسپتال میں تقریبات نہ کی جائیں، بچی کے انتقال کی شفاف انکوائری عوام کے سامنے لائی جائے۔

اپنے ٹویٹر پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بسمہ کی موت انتہائی تکلیف دہ ہے، تحقیقات کی خود نگرانی کروں گا۔ قبل ازیں کراچی کے سول اسپتال میں بے نظیر بھٹو ٹراما سینٹر کے افتتاح کے موقع پر نثار کھوڑو سے جب میڈیا نے 10 ماہ کی ننھی بسمہ کے انتقال کے بارے میں پوچھا تو انہوں نے بڑے ہی معصومانہ انداز میں کہا کہ انہیں واقعے کا علم ہی نہیں، ہمیں سب سے زیادہ بلاول بھٹو عزیز ہیں اور وزیراعلیٰ کی آمد پر سیکیورٹی ضروری ہوتی ہے۔

بچی کے انتقال پر افسوس ہے ، اگرسکیورٹی کی وجہ سے بچی کا انتقال ہوا ہے تو والدین سے معذرت خواہ ہوں۔دوسری جانب سابق صدر آصف علی زرداری نے وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کو فون کرکے پروٹوکول کے باعث بچی کی ہلاکت کی رپورٹ 72گھنٹے میں طلب کرتے ہوئے اسپتالوں میں تقریبات کے انعقاد سے روک دیا ہے ۔ادھر صحافی تقریب کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے بسمہ کی ہلاکت پر سوال پوچھتے رہے لیکن قائم علی شاہ نے سنی ان سنی کر دی۔

صوبائی وزیر صحت جام مہتاب نے بھی انوکھی منطق دی، فرماتے ہیں مرنا انسان کے بس میں نہیں، یہ اللہ کے ہاتھ میں ہے اور معمول کی بات ہے۔ دوسری جانب، بسمہ کی موت پر گبول پارک لیاری میں ہر طرف سوگ کی فضاء ہے۔ اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ پولیس والوں کی وجہ سے عوام کی زندگیاں اجیرن ہو چکی ہیں۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں