بلدیہ شرقی میں کرسمس کے موقع پر گرجاگھروں کے اطراف صفائی ستھرائی اور روشنی کے انتظامات مکمل

جمعرات 24 دسمبر 2015 18:43

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 دسمبر۔2015ء) ایڈمنسٹریٹربلدیہ شرقی رحمت اللہ شیخ کی ہدایت پر میونسپل کمشنر نادر خان نے سولجز بازار میں موجود سینٹ لارنس چرچ کا دورہ کرکے صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر انکے ہمراہ سینئر ڈائریکٹر سالڈ ویسٹ اقبال احمد اور دیگرافسران موجود تھے واضح رہے کہ بلدیہ شرقی کی حدود میں کرسمس کے حوالے سے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اس سلسلے میں مسیحی بستیوں اور مسیحی عبادت گاہوں کے اطراف سہولیات کی فراہمی کا کام کیا جا چکا ہے۔

میونسپل کمشنر نادر خان نے اس موقع پر گرجا گھرکے منتظمین سے ملاقات کی ، چرچ کے فادرنے بلدیہ شرقی کی جانب سے بہترین میونسپل سروسز پر انکا شکریہ ادا کیا جبکہ اپنے کچھ مسائل سے بھی آگاہ کیا، میونسپل کمشنر نادر خان نے انہیں میونسپل سروسز کی فراہمی اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ کرسمس کے خوشی کے موقع پر مسیحی برادری کے ساتھ اظہار یکجہتی کے جذبے کے ساتھ کام کر رہے ہیں، بعد از اں مسیحی برادری کے تہوار کرسمس کے حوالے سے اظہار یکجہتی کے طور پرمیونسپل کمشنر نادر خان نے مسیحی ملازمین کے ہمراہ کرسمس کا کیک کاٹا۔

(جاری ہے)

اس موقع پرمیونسپل کمشنر نادر خان نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد پیش کی اور کہاکہ پاکستان کے آئین کے تحت ہر ایک کو مساویانہ حقوق حاصل ہیں اور ہم اس کا مکمل احترام کرتے ہیں ہر ایک کی خدمت کو اپنا اولین فرض سمجھتے ہیں اور اقلیتی برادریوں کی خوشیوں میں خوش ہوتے ہیں۔ اس موقع پر ملازمین نے ایڈمنسٹریٹر رحمت اللہ شیخ و میونسپل کمشنرناد رخان کاکرسمس کے حوالے سے کئے گئے انتظامات پر شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں