جماعت اسلامی کے تحت کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری میں گفٹ تقسیم کیے گئے

ہر مذہب کے اندر امن ومحبت کا درس دیا گیا ہے ۔ہمیں مشترکات پر عمل کرنا چاہیے،اسد اللہ بھٹو کا تقریب سے خطاب

جمعرات 24 دسمبر 2015 20:34

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 دسمبر۔2015ء) جماعت اسلامی اور الخدمت کراچی کی جانب سے کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری میں گفٹ ہیمپر تقسیم کیے گئے اور اس سلسلے میں ادارہ نور حق میں ایک سادہ اور پروقار تقریب منعقد کی گئی ۔تقریب میں خواتین اور بچوں سمیت مسیحی برادری کے افراد نے شرکت کی ۔جماعت اسلامی کی جانب سے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد بھی دی گئی ۔

تقریب سے جماعت اسلامی کے پاکستان کے نائب امیر اور اقلیتی امو ر کے نگراں اسد اللہ بھٹو ،جماعت اسلامی کراچی منارٹی ونگ کے صدر یونس سوہن ایڈوکیٹ اور پادری نقاش نے بھی خطاب کیا جبکہ نظامت کے فرائض جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر اور اقلیتی امور کے نگراں مسلم پرویز نے ادا کیے ۔اس موقع پر الخدمت کراچی کے سینئر منیجر منظر عالم ،جماعت اسلامی کراچی کے سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ،منارٹی ونگ کے نائب صدر سموئیل نذیر ،جنرل سکریٹری پرویز برکت ،کنٹونمنٹ بورڈ سے جماعت اسلامی کی اقلیتی کونسلر نسرین اسٹیفن اور دیگر بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسد اللہ بھٹو نے کہا کہ ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ ہم سب مل کر اس شہر ، اس صوبے اور اس ملک کو امن اور اخوت کا گہوارہ بنائیں گے اور ہم امن کے علمبردار بنیں گے اور امن ومحبت اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے جدوجہد کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ آج ہم جماعت اسلامی کے پلیٹ فارم پر انسانیت کے لیے اور انسانیت کی خدمت کے جذبے کے تحت جمع ہوئے ہیں۔

اسلام تمام انبیاء پر ایمان لانے کا حکم دیتا ہے۔ مذاہب میں مشترکات زیادہ ہیں ہمیں مشترکات پر چلنا چاہیے ۔مذہب کے نام پر جو بھی دہشت گردی کرتا ہے ہم اس کے خلاف ہیں ۔ہر مذہب کے اندر امن ومحبت کا درس دیا گیا ہے ۔جو مفاد پرست عناصر ہمیں آپس میں لڑانا چاہتے ہیں وہ انسانیت کے دشمن ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں امن ہوگا تو سب کے لیے ہوگا ،مہنگائی اور بے روزگاری ہوگی تو سب کے لیے ہوگی ۔

اس لیے ہمیں ملک اور قوم کی ترقی اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ اس سال کا اختتام اس طرح ہورہا ہے کہ 24دسمبر کو محسن انسانیت حضرت محمد مصطفی ﷺکی ولادت کا دن آیا ہے اور 25دسمبر کو حضرت عیسی علیہ السلام کی ولادت کادن ہے جو ہم دونوں کے لیے خوشی کا مقام ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارا پیغام ہے کہ اپنے اپنے مذہب پر قائم رہتے ہوئے انسانیت کی خدمت کے لیے کام کریں ۔

انہوں نے کہا کہ خوشیوں پر خوش ہونا صرف امیروں کا حق نہیں بلکہ غریبوں کا بھی حق ہے ۔عوام جماعت اسلامی پر اعتماد کرتے ہیں اور عطیات دیتے ہیں کیونکہ ان کو پورا یقین ہوتا ہے کہ جماعت اسلامی کو دیا گیا ایک ایک پیسہ صحیح جگہ استعمال ہوتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ شراب کی حرمت بائبل میں بھی واضح طور پر موجو د ہے مگر بعض عناصر مسیحی اور اقلیتی برادری کے نام پر شراب کو عام کرنے اور شراب خانے کھولنے کی مذموم کوششیں کررہے ہیں جو سخت قابل مذمت ہیں ۔

یونس سوہن ایڈوکیٹ نے کہا کہ جماعت اسلامی مسیحی برادری کی خوشیوں میں شریک ہونے کے لیے اس طرح کے پروگرامات کا انعقاد کرتی ہے جس کا مقصد نمود ونمائش ہرگز نہیں ہے ۔جماعت اسلامی نے ہمیشہ بلا تفریق رنگ و نسل اور مذہب لوگوں کی خدمت کی ہے۔ جماعت اسلامی ایک مذہبی ،دینی اور خدمت کرنے والی جماعت ہے ۔جس طرح عید کے موقع پر گفٹ دیتی ہے اسی طرح کرسمس کے موقع پر بھی گفٹ دیتی ہے ۔پادری نقاش نے کہا کہ 25دسمبر کو ہم مسیح کی ولادت کا دن مناتے ہیں جو کہ بہت خوشی کا دن ہے ۔جماعت اسلامی اور الخدمت عوام کی خدمت کرتی ہے اور اس میں کسی مذہب اور فرقے کی تفریق نہیں کرتی ۔جماعت اسلامی ہر کسی کی عزت کرتی ہے اور مدد کرتی ہے ۔انہوں نے جماعت اسلامی کے لیے خیر وبرکت کی دعا بھی کرائی ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں