شہر کی سڑکوں پرکاروان عید میلادالنبی !طویل بس میں محفل میلاد کا سماں

حلیم عادل شیخ کی قیادت میں قافلے میں شریک لوگوں نے عوام میں جھنڈیاں اور مٹھائیاں تقسیم

جمعرات 24 دسمبر 2015 20:34

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 دسمبر۔2015ء) سیاسی وسماجی شخصیت حلیم عادل شیخ اور ان کے عاشقان رسول ساتھیوں کی جانب سے جشن عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی خوشی میں کاروان عید میلادلالنبی کے نام سے ایک بڑی بس کو سبز اور دیگر رنگ برنگے برقی قمقموں سے خوب سجایا گیا۔اور دیگر گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے ساتھ یہ قافلہ شہر کے مختلف علاقوں ملیر کے مختلف مقامات سے ہوتا ہوا میمن گوٹھ پہنچا۔

راستے میں حلیم عادل شیخ ،نعیم عادل شیخ ،بابر انیس ،جاوید اعوان ،فرحان شاہ ،شیخ اقبال ،صدام کنبھر ،کوثر بی بی ،ما ہ گل غفور،اریبہ اور دیگر نے شہریوں میں سبز جھنڈے اور مٹھائیوں کو تقسیم کیا۔قافلے کے شرکاء کی جانب سے بلند آواز میں مرحبا یا مصطفی کو پڑھا گیا۔

(جاری ہے)

اس ووران حلیم عادل شیخ نے راستے بھرمیں اس دن کے حوالے سے اپنی بھرپور عقیدت کا اظہار کیا۔

سینئر سیاستدان و سابق صوبائی مشیر حلیم عادل شیخ نے جشن عید میلادالنبی کی خوشی میں پوری قوم کو مبارکبادپیش کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آپ حضوراکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی آمد ہی تخلیق کائنات ہے ۔عید میلاد النبی مسلمانوں کے لیے سب سے عظیم تہوار ہے ۔جہاں جہاں دنیا بھر میں چھوٹے بڑے جلوس نکالے جارہے ہیں یہ سب آپ حضوراکرم سے اپنی دلی محبت کا اظہار کرنے والے لوگ ہیں جو اس رات جاگ جاگ کرعبادتیں کرتے ہیں اور عالم اسلام کی بھلائی کے ساتھ امت مسملہ کی سلامتی کی دعائیں بھی مانگتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس دن کو منانے والی پوری دنیا کے لوگ ہی مبارکباد کے مستحق ہیں،ہمارے ساتھ شریک لوگوں نے جس انداز میں اپنی عقیدت اور محبت کا اظہار کیا ہے اسے دیکھ کر اچھا لگا ہے ،آج کا یہ دن ہمیں باہمی محبت اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے ،کیونکہ اسی دن کی وجہ سے کائنات کی ہر شے کا ظہورہوا اور ہمیں اس دنیا میں موجود نعمتوں سے فائدے حاصل ہوئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا یہ قافلہ رات بھر بھی شہر کی سڑکوں پر رواں دواں رہا اور اس کے اگلے روز بھی ہم عاشقان رسول کے ہمراہ سڑکوں پر موجود ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں