تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی انصاف ہاؤس آمد کے موقع پر کارکنوں کا مقامی قیادت کے خلاف مظاہرہ

ہفتہ 26 دسمبر 2015 19:42

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 دسمبر۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی انصاف ہاؤس آمد کے موقع پر کارکنوں نے مقامی قیادت کے خلاف مظاہرہ کیا اور شدید نعرے بازی کی ۔پارٹی کارکنان کا کہنا تھا کہ سندھ اور کراچی کی پارٹی قیادت نے پی ٹی آئی کو سوشل میڈیا اور برگر پارٹی میں تبدیل کردیا ہے ۔ان رہنماؤں نے بلدیاتی الیکشن میں من پسند افراد کو ٹکٹ تقسیم کیے اور یہ رہنما پی ٹی آئی کے نظریاتی اصولوں سے ہٹ گئے ہیں جس کی وجہ سے آج پی ٹی آئی کراچی میں تنظیمی طور پر کمزور ہوچکی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی مقامی قیادت نظریاتی کارکنوں کو نظرانداز کررہی ہے جس کی وجہ سے بلدیاتی انتخابات میں بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا یہاں تک ؛پارٹی کے کراچی کے آرگنائزر علی زیدی بھی ہارگئے ۔ان کارکنان نے عمران خان سے مطالبہ کیا کہ مقامی قیادت کے خلاف کارروائی کی جائے اور کراچی اور سندھ میں جلد انٹراپارٹی الیکشن کرائے جائیں تاکہ نظریاتی رہنما اور کارکنان پارٹی کی قیادت کو سنبھال سکیں ۔پارٹی کارکنان نے گوعمران اسماعیل گو،گوعلی زیدی گو کے نعرے لگائے ۔واضح رہے کہ عمران خان ہفتہ کو کراچی پہنچنے کے بعد بغیر پروٹوکول کے انصاف ہاؤس گئے ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں