پبلک ٹرانسپورٹ کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے شہر میں بڑی بسیں چلائی جائیں،پاسبان

ہفتہ 26 دسمبر 2015 20:06

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 دسمبر۔2015ء)پاسبان پاکستان کے نائب صدر عبدالحاکم قائد نے کہا ہے کہ محکمہ ٹرانسپورٹ سال کے اختتام کے باوجود کرایوں میں کمی کے حکم نامے پر عملدرآمد کرانے میں ناکام رہی ہے۔ پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ شام ہوتے ہی پبلک ٹرانسپورٹ شہر کی سڑکوں سے غائب ہوجاتی ہیں اور شہری سفر کیلئے بس اسٹاپوں پر گھنٹوں انتظار کرتے ہوئے نظرآتے ہیں جو کہ سندھ کے وزیراعلیٰ قائم علی شاہ، صوبائی وزارت ٹرانسپورٹ اور صوبائی محکمہ ٹرانسپورٹ کے افسران کو نظر نہیں آتے۔

انہوں نے سوال کیا کہ صوبائی وزیرٹرانسپورٹ اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو کیا اس بات کا علم ہے کہ اس وقت کراچی میں کس کس روٹ پر کتنی بسیں، ویگنیں اور کوچیں چل رہی ہیں اور کیا یہ پبلک ٹرانسپورٹ شہر کی آبادی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے کافی ہے اور کیا شہریوں سے مقرر کردہ سرکاری لسٹ کے مطابق کرایہ وصول کیا جارہا ہے؟ انہوں نے کہا کہ صوبائی وزارت اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو مقررکردہ سرکاری کرایوں پر عملدرآمد کرانے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے اس لئے ویگن اور کوچوں کے مالکان مسافروں سے نہ صرف من ماناکرایہ وصول کررہے ہیں،بلکہ حکومت کے مقررکردہ روٹ سے ہٹ کر من مانے روٹوں پر پبلک ٹرانسپورٹ بھی چلائی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

اس سال کے آغاز پر بسوں، ویگنوں اور کوچوں کے کرایوں میں جوکمی کی گئی تھی اس پر سال کے اختتام کے باوجود عملدرآمد نہیں کرایا جاسکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بسوں، ویگنوں اور کوچوں کو مسافروں کو ٹکٹ جاری کرنے کا پابند بنا کر مقررکردہ سرکاری کرایوں پربآسانی عملدرآمد کرایا جاسکتا ہے۔پاسبان رہنما نے مطالبہ کیا کہ شہریوں کے پبلک ٹرانسپورٹ کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے ویگنوں اور کوچوں کی جگہ کراچی میں بڑی بسیں فوری طور پرچلائی جائیں اور ان کے اوقات بھی مقرر کئے جائیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں