پیپلزپارٹی کا رینجرز اختیارات پر فوری کوئی انتہائی قدم نہ اٹھانے کا فیصلہ

پیپلزپارٹی کے رہنما فاروق ایچ نائیک کی نجی ٹی وی سے گفتگو

اتوار 27 دسمبر 2015 17:59

کراچی/ دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 دسمبر۔2015ء ) پیپلزپارٹی نے رینجرز کے اختیارات کے معاملے میں فوری طور پر کوئی انتہائی قد م نہ اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے ،پیپلزپارٹی کے رہنما فاروق ایچ نائیک کا کہنا ہے کہ سا بق صدر آصف زرداری سے رینجرز اختیارات میں توسیع کے معاملے پر قانونی مشاورت ہوئی ،ابھی عدالت جانے کا فیصلہ نہیں ہوا۔

اتوار کو ایک نجی ٹی وی چینل کے مطابق پیپلزپارٹی رینجرز کے اختیارات کے معاملے میں فوری طور پر کوئی انتہائی قدم نہیں اٹھائے گی۔ یہ فیصلہ سابق صدرآصف علی زرداری اور فاروق ایچ نائیک کے درمیان ملاقات میں کیا گیا۔ ملاقات میں طے پایا کہ فی الحال سندھ حکومت وفاق کو ایک خط تحریر کرے گی جس میں کہا جائے گا کہ وفاقی حکومت سندھ اسمبلی کی قراداد کا احترام کرے اور رینجرز کے اختیارات اور صوبائی خودمختاری کے معاملے پر حکومت سندھ کے ساتھ تعاون کرے۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ سابق صدر کو مشورہ دیا گیا ہے کہ رینجرز کے معاملے پر فی الحال سپریم کورٹ سے رجوع نہ کیا جائے۔ ملاقات میں آصف زرداری اور فاروق نائیک نے شہید بے نظیر بھٹو کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی اور دعا بھی کی۔ نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق نائیک نے بتایا کہ صدر زرداری سے ملاقات میں رینجرز اختیارات کے معاملے کا قانونی پہلوؤں سے جائزہ لیا۔

آصف زرداری کو رینجرز اختیارات پر قانونی آپشنز پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال رینجرز اختیارات کے معاملے پر قانونی مشاورت ہوئی ہے تاہم ابھی رینجرز کے معاملے پر عدالت میں جانے کا فیصلہ نہیں کیا۔ فاروق نائیک کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری سے ملاقات میں دیگر سیاسی، قانونی و انتظامی امور پر بھی بات ہوئی۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں