وفاقی حکومت پنجاب میں دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کیخلاف فوری آپریشن شروع کریں‘ سینیٹر سلیم مانڈوی والا

منگل 29 دسمبر 2015 13:54

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 دسمبر۔2015ء) پیپلزپارٹی کے سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے پنجاب میں دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف فوری آپریشن شروع کریں۔ پنجاب دہشت گردوں کی بہت بڑی فیکٹری بن چکا ہے جہاں دہشت گردوں کو فنڈنگ ہورہی ہے اور وہ کھلے عام گھوم پھر رہے ہیں۔

پنجاب دہشت گردوں اور کالعدم تنظیموں کے لیے محفوظ پناہ گاہ بن چکا ہے۔ اپنے دفتر سے جاری کیے گئے ایک بیان میں سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا رینجرز آپریشن صرف ایک شہراور ایک صوبے تک محدود نہیں ہونا چاہیئے۔ ملک کے قومی مفاد میں اس تاثر کو ختم کیا جانا چاہیئے۔ انہوں نے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں نے ملک بھر میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن شروع کرنے کا مطالبہ کیا تھا لیکن بد قسمتی سے یہ آپریشن صرف کراچی تک محدود کردیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

اس سے کراچی اور سندھ کے لوگوں میں امتیازی سلوک کا احساس جنم لے رہا ہے جو کہ خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔ پیپلزپارٹی نے کبھی کراچی آپریشن کی مخالفت نہیں کی۔ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ رینجرز اختیارات کا معاملہ وزیراعظم کے دورہ کراچی کے ایجنڈے میں شامل نہیں تھا۔ وزیراعظم کراچی میں ایک پاور پلانٹ کا افتتاح کرنے آئے تھے۔ وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے خراب صحت کے باوجود ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا۔

وزیراعظم نواز شریف نے اپنے دورے میں کراچی آپریشن کے کپتان کی تعریف کرنا گوارا نہیں کی جو کہ بڑی بدقسمتی ہے۔ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ سندھ میں بیوروکریسی خوف کا شکار ہے۔ کوئی بھی افسر کام کرنے کے لیے تیار نہیں۔ چیف سیکریٹری سندھ ضمانت پر ہیں ۔ پوری سندھ حکومت کو مفلوج کردیا گیا ہے۔ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت ہر گذرتے دن کے ساتھ اپنی ساکھ کھوتی جارہی ہے۔ حکومت ہراہم قومی ایشو پر پارلیمنٹ سے جھوٹ بول رہی ہے۔ ایل این جی، یوروبانڈز، پی آئی اے اور اسٹیل ملز کی نجکاری کا معاملہ پارلیمنٹ سے چھپ کرکیاجارہا ہے۔ موجودہ حکومت پرمزید اعتبار نہیں کیاجاسکتا۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں