وزیر اعظم نواز شریف نے آپریشن جاری رکھنے ،بجلی سستی کرکے کاروباری برادری کا دل جیت لیا ‘بجلی سستی ہونے سے کاروباری لاگت کم، برامدات میں اضافہ ہو گا، فوج کی لازوال قربانیوں کی قدر کرتے ہیں، الیکشن میں ایف پی سی سی آئی کے شکست خوردہ پینل کا نام و نشان مٹ جائے گا

نائیٹڈ بزنس گروپ کے چیئرمین افتخار علی ملک کابیان

منگل 29 دسمبر 2015 19:22

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 دسمبر۔2015ء) یونائیٹڈ بزنس گروپ کے چیئرمین افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف نے کراچی آپریشن جاری رکھنے اور صنعتوں کیلئے بجلی سستی کرنے کا اعلان کر کے ملک بھر کی کاروباری برادری کا دل جیت لیا ہے۔انکا فیصلہ کاروباری برادری کیلئے بڑا تحفہ ہے جس سے تاجر یکسوئی سے کاروبار جاری رکھ سکیں گے جبکہ بجلی سستی ہونے سے کاروبار کی لاگت کم ہو گی جس سے صنعت و تجارت اوربرامدات کو فروغ ملے گا۔

برامدات بڑھنے سے زرمبادلہ کے ذخائر بڑھینگے جس سے مقامی کرنسی مستحکم ہو گی۔افتخار علی ملک جو سارک چیمبر کے نائب صدر بھی ہیں نے ایف پی سی سی آئی کے الیکشن سے ایک روز قبل یو بی جی کے حامیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم ملکی ترقی اور کاروباری برادری کی فلاح کیلئے سنجیدہ ہیں اور انکے دور میں بدامنی اور لوڈ شیڈنگ کا نام و نشان تک مٹ جائے گا۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے تھر کول کو پاکستان کی توانائی کا مستقبل قرار دیا ہے جس سے انکی ملکی انارجی مکس کو متوازن بنانے اور آئل امپورٹ بل کم کرنے کے ارادے کا پتہ چلتا ہے جو ہمارے لئے حوصلہ افزاء ہے۔فوجی اور رینجرز کی لازوال قربانیوں کے سبب پاکستان کی معیشت مستحکم ہو رہی ہے جبکہ عوام نے سکھ کا سانس لیا ہے۔اس موقع پر یو بی جی کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر، ایف پی سی سی آئی کے صدارتی امیدوار عبدالرؤف عالم، اول نائب صدارت کے امیدوار خالد تواب، ملک اسد،مرزا اختیار بیگ اور ملک سہیل حسین اور دیگر نے کہا کہ آج تیس دسمبر کو ملک بھر کے تاجر ایف پی سی سی آئی کے الیکشن میں اپنے نمائندے منتخب کرینگے جو شکست خوردہ پینل کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہو گا۔

انھوں نے کہا کہ جس پینل کو گزشتہ سال ایف پی سی سی آئی سے نکال باہر کیا گیا تھا وہ اب دھوکہ دے کر چور راستے سے واپس اقتدار میں آنا چاہتا ہے جسکی اجازت نہیں دی جا سکتی۔انھوں نے کہا کہ مسترد شدہ تاجر رہنما الیکشن کے بجائے سیاسی مداخلت، سازشوں اور ووٹوں کی خرید و فروخت پر یقین رکھنے ہیں جو انکی ناکامی کی سب سے بڑی وجہ ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں