کراچی، ٹھٹھہ ڈوئیل کیریج وے صوبے کی ترقی میں سنگ میل ثابت ہوگا،وزیر اعلیٰ سندھ

سندھ کی ترقی ،تھرکول سمیت صنعتی شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے عوام اور پی پی کی قیادت کے ساتھ کیے گئے وعدوں پر قائم ہوں،تقریب سے خطاب

منگل 29 دسمبر 2015 22:04

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 دسمبر۔2015ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ کراچی - ٹھٹھہ ڈوئیل کیریج وے صوبے کی ترقی میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ میں سندھ کی ترقی اور تھرکول سمیت صنعتی شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اپنے عوام اور پی پی کی قیادت کے ساتھ کیے گئے وعدوں پر قائم ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو وزیر اعلیٰ ہاؤس میں منعقدہ کر اچی -ٹھٹھہ ڈوئیل کیریج وے کے منصوبے کی دستخطی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں صوبائی وزراء ، سیکریٹریز ، ایف ڈبلیو اواور دبئی اسلامک بینک کے نمائندگان اور دیگر افسران نے شرکت کی۔وزیر اعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ نے کہا کہ محکمہ ورکس اینڈ سروسز سندھ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ یونٹ کے ساتھ ملکر سڑکوں کا جال بچھانے اور انفرااسٹرکچر کی تعمیرکے تحت کراچی- ٹھٹھہ ڈوئل کیریج وے کا آغاز کررہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ صوبے میں کراچی سے ٹھٹھہ بہت ہی اہمیت کا حامل سڑک کا منصوبہ ہے۔

اور اس منصوبے کا سب سے بڑا اقتصادی فائدہ اسی سڑک کو ٹھٹھہ سے تھرکول فیلڈ تک پہنچانا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس نئی سڑک کی تعمیر سے روزانہ ہزاروں مسافروں کو سفر کی آسانی ہوگی جو اسی روٹ پر سفر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اُمید کی جاتی ہے کہ بہترانفراسٹکچرکی سہولیات کے بعد گردونواح کے علاقوں میں بہتر تعلیمی اور صحت کی سہولیات کو فروغ حاصل ہو گا نئے اسکول اور صحت مراکز کھلیں گے جس سے عوام کو بے پناہ فائدہ ہوگا۔

سینئر صوبائی وزیر برائے خزانہ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ اس منصوبے کی سب سے بڑی خصوصیت اس منصوبے کو تھرکول فیلڈ سے لنک کرناہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت ٹینڈرز کے شفاف مراحل کے بعد پاکستان کی مشہور تعمیراتی کمپنی ایف ڈبلیو او کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ موڈ کے تحت گھگھر پھاٹک تا ٹھٹھہ بائی پاس تک موجودہ نیشنل ہائی وے N5 کی 49km لمبی سڑک کو ڈبل کرنے کیلئے شراکت کی۔

منصوبے کی تفصیلات بتاتے ہوئے سید مراد علی شاہ نے بتایا کہ منصوبے کی مجموعی رقم 1.35 بلین روپوں میں سے 70 فیصد (6,199/- ملین روپے)کا بندوبست کمرشل قرضے کے ذریعے جبکہ یقایا 30% (2657 ملین روپے) سندھ حکومت اور ایف ڈبلیو او کی مشترکہ ایکوئٹی کے تحت ہوگی۔جس میں سے 53.3فیصد (1417 ملین روپے) ایف ڈبلیو او جبکہ بقایا 46.7فیصد (1240 ملین روپے) سندھ حکومت ادا کریگی۔

واضح رہے کہ اس منصوبے کی کنسیشن ایگرمینٹ پر 7 مئی 2015 کو محکمہ ورکس اینڈ سروسز اور ایف ڈبلیو او کے مابین وزیر اعلیٰ سندھ کے روبرو وزیراعلیٰ ہاؤس میں دستخط کئے گئے تھے۔ جس کیلئے آج مالی معاہدات پر دستخط کئے گئے ۔ اور اس کے کمرشل آپریشن کا آغاز2017 کے اختتام تک ہونے کی اُمید ہے۔ ایف ڈبلیواو دو سالہ تعمیراتی وقت میں ڈوئیل کیریج وے کی ڈزائین اور سڑک کی تعمیر عمل میں لائیگا۔ اور اس کے علاوہ منصوبے کی رو سے وہ 25سال تک ڈوئیل کیریج وے کی کوآپریٹ اور بحالی کا ذمہ دار ہوگا۔ڈی جی ایف ڈبلیو او میجر جنرل افضل نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کے ادارے کیلئے فخر کی بات ہے کہ ان کا ادارہ سندھ کی ترقی میں اپنا حصہ ملا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں