سارہ لورین نے پاکستانی فلم میں کام کرنے کی حامی بھر لی

بدھ 30 دسمبر 2015 11:23

سارہ لورین نے پاکستانی فلم میں کام کرنے کی حامی بھر لی

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 دسمبر۔2015ء) معروف اداکارہ وماڈل سارہ لورین نے پاکستانی فلم میں کام کرنے کا گرین سگنل دیدیا۔ وہ آئندہ برس کراچی سے تعلق رکھنے والے ایک معروف پروڈکشن ہاوٴس کے بینر تلے بنائی جانے والی فلم میں مرکزی کردار ادا کرینگی۔اپنے ایک انٹرویو میں سارہ لورین نے کہا کہ بالی وڈ میں دونئی فلمیں سائن کی ہیں لیکن اس کے باوجود مجھے ایک بہت ہی اچھے اور منفرد موضوع پربننے والی فلم میں اہم کردار آفر کیا گیا تھا۔

اس فلم کی کہانی اور میرا کردار بہت جاندارتھا ، اسی لیے میں نے فلم میں کام کرنے کی رضامندی ظاہرکی تھی۔فلم مکمل طورپرکمرشل طرز پر بنائی جائے گی اوراس کے میوزک پربھی خاص توجہ دی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ فلم کی شوٹنگ کراچی اورشمالی علاقہ جات کے علاوہ دبئی، برطانیہ اور فرانس میں ہوگی۔

(جاری ہے)

بڑے بجٹ سے بننے والی فلم میں جہاں پاکستانی فنکارکام کرینگے، وہیں ایک غیرملکی اداکارہ پر آئٹم سانگ بھی فلمبند کیا جائے گا۔

جہاں تک بات جدید ٹیکنالوجی اورسپیشل ایفیکٹس کی ہے تواس کے لیے بھی پروڈکشن ہاوٴس کچھ غیرملکی ماہرین کی خدمات حاصل کریں گے۔ایک سوال کے جواب میں سارہ لورین نے کہا کہ پاکستان میں فلمسازی کا عمل تیزی کے ساتھ بہتر ہورہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بالی وڈ میں دونئی فلمیں سائن کرنے کے باوجود میں نے پاکستانی فلم میں کام کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔ ویسے بھی مجھے جوپہچان ملی تھی وہ پاکستان میں کام کرتے ہوئے ملی۔

اس شہرت کی بدولت مجھے بالی وڈ میں کام کے لیے آفرہوئی اوراب تک جوبھی کام کیا ہے ، اس کی وجہ سے پاکستان کا نام روشن ہوا ہے۔انھوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں پڑھے لکھے نوجوان فلمسازی کے شعبہ سے وابستہ ہورہے ہیں۔ جو اپنی صلاحیتوں کے بل پرتیزی کے ساتھ انٹرنیشنل مارکیٹ تک رسائی حاصل کررہے ہیں۔ خاص طورپر پاکستانی فلموں کا آسکر کے لیے نامزد ہونا بھی کسی بڑے اعزاز سے کم نہیں ہے۔ یہ وہ تمام سگنلز ہیں جس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ پاکستانی فلم انڈسٹری اب بحران سے نکل کر بہتری کی جانب گامزن ہے اورآنے والے دنوں میں اس کا بہترین رسپانس سامنے آئے گا۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں