کراچی، دہشت گرد کھلے عام حکومتی رٹ کو چیلنج کر رہے ہیں ، صارم برنی

بدھ 30 دسمبر 2015 19:28

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 دسمبر۔2015ء) حقوق انسانی کی تنظیم صارم ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئر مین صارم برنی نے ملک میں تسلسل کے ساتھ ہونے والی دہشت گردی کے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ملک بھر میں عوامی املاک اور جانوں کو نشانہ بنا کرفوج اور عوام کا مورال کو ڈاؤن نہیں کیا جاسکتا ہے ۔صارم برنی نے کہا کہ خیبر پختون خواہ مردان میں نادرا کے دفتر پر حملہ کرکے متعدد افراد کو شہید اور درجنوں کو ذخمی کرکے دہشت گرد کھلے عام حکو متی رٹ کو چیلینج کر رہے ہیں ملک میں پہلے تو عوامی جگہوں پر عوام کی جانوں کے خون سے ہولی کھیلی جارہی تھی مگر اب تو ہمارے سرکاری ادارے بھی محفوظ نہیں ہیں آخر یہ عوام کب تک برداشت کرے گی اور لوگ کب تک اپنے پیاروں کی لاشوں کو اپنے ہاتھوں سے سپردخاک کرتے رہینگے ہم اس ملک اور اس شہر میں امن و آشتی کے خواہ ہیں اور اس ملک و شہر میں رہنے والا ہر شخص چاہے وہ بچہ ہو ، بوڑھا ہو یا جوان اور چاہے وہ کسی بھی مذہب ، مسلک یا تنظیم سے تعلق رکھتا ہو وہ صرف امن چاہتا ہے جو ایک خواب بن کر رہ گیا ہے جس میں نقصان صرف اور صرف عام عوام کا ہو رہا ہے ۔

(جاری ہے)

صارم برنی نے کہا کہ ہماری ملکی انٹیلی جنس اکثر پہلے سے ہی ہونے والی دہشت گردی کے خطرے سے آگاہ کر دیتی ہے تاکہ اس کا سد باب کیا جاسکے لیکن اس کے باوجود بھی کسی قسم کے مربو ط حفاظتی انتظامات نہیں کئے جاتے ہیں جبکہ انتظامیہ اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنے میں ناکام ہے اور سنگین جرائم معمول بن چکے ہیں ۔ صارم برنی نے کہا کہ فوج ملکی حالات کو راہ راست پر لانے کے لئے موئثر اقدامات کر رہی ہے اور امن کے لئے فوج کی کوششیں قابل ستائش ہیں جس کی وجہ سے عوام کا بھرپور سپورٹ پاک فوج کے ساتھ ہے ۔ صارم برنی نے کہا کہ صارم ٹرسٹ حکومتِ پاکستان اور انتظامیہ کے متعلقہ حکام سے پرزور اپیل کرتا ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کا احساس کریں اور پاکستان کودہشت گردی کے عذاب سے نجات دلائیں ۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں