کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کا زیر زمین ہائیڈرنٹس کیخلاف آپریشن پاک کالونی، گٹر باغیچہ ،منگھوپیر سائٹ اور یار محمد گوٹھ اور ملحقہ علاقوں میں8 ہائیڈرنٹس گرادیئے

جمعرات 31 دسمبر 2015 20:48

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 دسمبر۔2015ء) کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی ڈیمالیشن ٹیم نے جمعرات کو زیر زمین ہائیڈرنٹس کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے پاک کالونی، گٹر باغیچہ ،منگھوپیر سائٹ اور یار محمد گوٹھ اور ملحقہ علاقوں میں8 ہائیڈرنٹس گرادئے ،41 واٹر ٹینکرز قبضہ میں لے کرFIR درج،زیر زمین پائپ لائنیں اکھاڑ کر تنصیبات گرادیں،تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں واٹر بورڈ کا چوتھے مرحلہ میں زیرِ زمین پانی کے ہا ئیڈرنٹس کے خلاف جمعرات کو سب سے بڑا آپریشن رینجرز اور علاقہ پولیس کی بیک سپورٹ سے شروع ہوا، رقبہ کے لحاظ سے آج سب سے بڑے علاقہ میں آپریشن کرتے ہوئے8ہائیڈرنٹس کو مسمار کر دیا گیا، سینکڑوں فٹ پائپ اور دوسرا سامان ضبط کر لیا، ان ہائیڈرنٹس میں بورنگ کے پانی کے نام پر واٹر بورڈ کی لائنوں سے پانی چوری کیا جا رہا تھا، ایم ڈی واٹر بورڈ مصباح الدین فرید کی ہدایت پر واٹر بورڈ کے ڈیمالیشن اسکواڈ نے ظفرعلی پلیجو سپر نٹنڈنگ انجینئر واٹر ٹرنک مین CSO میجر(ر)محمد نواز گوندل، آصف قادری، پاکستان رینجرز سندھ، علاقائی پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی نگرانی میں کامیابی سے آپریشن کیا ، پاک کالونی پولیس کی حدود میں گٹر باغیچہ میں قائم بہت بڑا ہائیڈرنٹ مسمار کر کے 41 واٹر ٹینکرز قبضہ میں لے کر FIR درج کرا دی گئی،عزیر ہائیڈرنٹ جو وسیع علاقہ میں قائم تھا جسے مختلف افراد مل کر چلا رہے تھے جہاں بورنگ کے نام پر واٹر بورڈ کی 36 انچ کی لائنوں سے پانی چوری کیاجارہا تھا اور پائپ لائنوں کا بہت بڑا نیٹ ورک (جال) بچھا ہوا تھا ، زیرِ زمین 150 فٹ گہری پائپ لائن ڈال کر لیاری ندی سے واٹر بورڈ کی مین ٹرنک لائن سے دن رات پانی چوری کیا جا رہا تھا بڑے جنریٹر اور ہیوی پمپس لگا رکھے تھے 4 سے 6 انچ قطر کے 8 فلنگ پوائنٹس سے ٹینکرز میں پانی بھر کر کھلے عام سپلائی کیا جا رہا تھا،بعد ازاں واٹر بورڈ کی ڈیمالیشن ٹیم نے منگھوپیر کے علاقہ میں بھی سب سوائل واٹر ہائیڈرنٹس کے خفیہ نیٹ ورک کا پتہ چلا لیا، ان علاقوں میں اس سے قبل بھی غیر قانونی ہائیڈرنٹس کے بڑے نیٹ ورک کام کر رہے تھے جن کا قلع قمع کیا گیا اب یہی پانی چور زیرِ زمین پانی کے نام پر واٹر بورڈ کا پانی چوری کر رہے ہیں ڈیمالیشن ٹیم نے ہائیڈرنٹس گرادئے،آپریشن کے دوران شاکر اور ساجدہائیڈرنٹ،کاشف اینڈکامران ہائیڈرنٹ(سائٹ)جمیل واٹر سپلائی ہائیڈرنٹ،شعیب سب سوائل ہائیڈرنٹ(منگھوپیر)سمین انٹر پرائز (سائٹ) گرادئے گئے،آخری مر حلہ میں یار محمد گوٹھ میں بھی 2 سب سوائل واٹر ہائیڈرنٹ گرادئے گئے اورپائپ اکھاڑکر سامان قبضہ میں لے لیا مسمار کئے جانے والے ہائیڈرنٹس بو رنگ کے نام پر واٹر بورڈ کا پانی چوری کر رہے تھے آپریشن کے دوران کسی بھی قسم کی مزاحمت نہیں ہوئی جبکہ غیر قانونی ہائیڈرنٹس آپریشن کے دوران ان علاقوں میں مزاحمت کا سامنا رہا،ان علاقوں کے مکینوں کا خیرمقدمی جو ش و خروش رہا اور اقدامات کو سراہا گیا کیونکہ زیر زمین پانی کے ان ہائیڈرنٹس سے ان علاقوں میں پانی کی قلت کا سامنا تھا۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں