بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تعاون سے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی نے شاہ فیصل زون میں انسداد ڈینگی مہم کا آغاز کردیا

ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے اور صحت مند ماحول کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے ،غلام رسول

جمعرات 31 دسمبر 2015 21:19

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔31 دسمبر۔2015ء) ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول نے کہا ہے کہ ضلع کورنگی میں ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کرکے صحت مند ماحول کا قیام یقینی بنا نے کے لئے عوامی تعاون کے ذریعے اقدامات کرتے ہوئے اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں گے بلدیہ کورنگی کے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ ضلع میں صفائی وستھرائی کے نظام کو مزید بہتر بنا یا جائے کوڑا کرکٹ اور کچرا سڑکوں اور گلیوں میں پھیلانے اور کچرے کو جلا کر قدرتی ماحول کو آلودہ کرنے جیسے اقدام کی روک تھام کو یقینی بنا نے کے لئے میونسپل قوانین پر مکمل عمل درآمد کیا جائے ان خیالات کا اظہار ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول نے بلدیہ عظمیٰ کراچی اور بلدیہ کورنگی کے اشتراک سے شاہ فیصل زون میں 30اسپرے وہیکل مشینوں کے ذریعے انسداد ڈینگی کے حوالے سے جراثیم کش ادویات کی اسپرے مہم کا آغاز کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز بلدیہ کورنگی رفیق شیخ ،ڈپٹی ڈائریکٹرز اسلم پرویز ،سید محمد احمد ،انفارمیشن آفیسر محمد ارشد اور دیگر موجود تھے ۔ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ گلیوں اور محلوں کے ساتھ مساجد و و درسگاہوں اور ندیوں و نالوں میں اسپرے انجام دیا جائے تاکہ مچھروں کی افزائش کو روکا جاسکے انہوں نے کہاکہ امراض سے بچاؤ کے حوالے سے احتیاطی تدابیر سے عوام کو آگاہی کے لئے مہم چلائی جائے تاکہ عوامی زندگیوں کو ڈینگی سمیت مہلک امراض سے بچایا جاسکے۔

ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ ضلع کورنگی میں صحت مند ماحول کے قیام کے لئے بلدیہ کورنگی سے تعاون کریں ،اپنے گھر کی طرح اپنے گلی ،محلے اور شہر کو بھی صاف ستھرا رکھیں کوڑا کرکٹ ،کچرا اور بلڈنگ میٹریل سڑکوں اور گلیوں میں ہر گز نہ پھینکیں انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ انشا اﷲ عوام کے باہمی تعاون کے ذریعے ضلع کورنگی کوصاف ستھرا،سرسبز اور صحت مند ضلع بنا یا جائیگا ۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں