خیرپور، پولیس وردی میں ملبوس 2 جعلی پولیس اہلکار گرفتار، بڑے پیمانے پر تحقیقات شروع، بااثر افراد کی مداخلت کے باعث مقدمہ درج نہیں ہوسکا

بدھ 27 ستمبر 2006 16:45

خیرپور (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین27ستمبر2006 ) پولیس وردی میں ملبوس 2 جعلی پولیس اہلکار گرفتار۔ اے ایس پی سٹی کے اے سیکشن پولیس کو خصوصی احکامات بڑے پیمانے پر تحقیقات شروع۔ بااثر افراد کی مداخلت کے باعث مقدمہ درج نہیں ہوسکا۔ حساس اداروں نے گرفتار افراد کے بارے میں تھانے سے معلومات حاصل کیں۔ تفصیلات کے مطابق دوران گشت اے سیکشن پولیس اور انچارج قومی رضا کار پولیس کو خفیہ اطلاع ملی کہ موٹر سائیکل پر سوار 2 افراد پولیس کی وردی میں علاقے میں گھوم رہے ہیں۔

ایسی اطلاع پر ایس ایچ او تھانہ اے سیکشن ملک اقبال اور انچارج قومی رضا کار پولیس شاہد حسین سیال نے ناکہ بندی کے دوران نیشنل بنک کے قریب سے موٹر سائیکل پر سوار دو افراد رمضان علی ناریجو اور وزیر رتڑ کو جو پولیس کی وردی میں ملبوس تھے حراست میں لے کر اے سیکشن تھانے کی حوالات میں بند کردیا۔

(جاری ہے)

واقعے کی اطلاع اے ایس پی سٹی غازی صلاح الدین کو دی گئی جنہوں نے اے سیکشن پولیس کو تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

ذرائع سے معلوم ہوا ہے گرفتار دونوں جعلی پولیس اہلکاروں نے تھانے پر خود کو پولیس قومی رضا کار کے اہلکار بتایا۔ جس پر انچارج پی کیو آر کمپنی کمانڈر شاہد حسین سیال نے گرفتا رہونے والوں سے لاتعلقی کا اظہار کیا۔ دوسری طرف یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ گرفتار شدہ دونوں افراد کو بچانے کے لئے محکمہ پولیس کے افسران واہلکار سرگرم ہوگئے ہیں۔ تاہم آخری اطلاعات ملنے تک اے سیکشن پولیس نے اس سلسلے میں کوئی مقدمہ درج نہیں کیا۔

متعلقہ عنوان :

خیرپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں