پاکستان میں نظام خلافت راشدہ کے نفاذ کیلئے پر امن جدوجہد جاری ہے،الیکشن میں حصہ لیکر قومی اسمبلی سے گستاخان صحابہ کے خلاف قانون سازی کروائیں گے،ایران کا ایٹمی طاقت بننا تشویش ناک ہے،عالمی طاقتیں ایران کی حدود کا تعین کریں اور اسے دیگر ممالک میں مداخلت سے بازرکھیں ، اہل سنت والجماعت کے سربراہ علامہ محمد احمد لدھیانوی کا کانفرنس سے خطاب

جمعہ 15 فروری 2013 18:37

خیرپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔15فروری۔2013ء) اہل سنت ولجماعت کے سربراہ علامہ محمد احمد لدھیانوی نے کہاکہ پاکستان میں نظام خلافت راشدہ کے نفاذ کیلئے پر امن جدوجہد جاری ہے۔آنے والے الیکشن میں بھرپور حصہ لیکر قومی اسمبلی سے گستاخان صحابہ کے خلاف قانون سازی کروائیں گے۔ کارکن اپنے حلقوں میں دشمنان صحابہ کا راستہ روکیں اور سنی قوتوں کو پارلیمنٹ میں بھیجیں تاکہ نظام خلافت راشدہ کا نفاذ ممکن ہوسکے۔

ایران کا ایٹمی طاقت بننا تشویش ناک ہے،عالمی طاقتیں ایران کی حدود کا تعین کریں اور اسے دیگر ممالک میں مداخلت سے بازرکھیں۔علامہ علی شیر حیدری شہید وطن عزیز پاکستان کیلئے گرانقدر خدمات سرانجام دیں جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ امام اہل سنت کانفرنس خیرپور میں علامہ لدھیانوی ودیگر کا خطاب۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق اہل سنت والجماعت صوبہ سندھ کے زیر اہتمام علامہ علی شیر حیدری شہید کی یاد میں پانچویں سالانہ امام اہل سنت کانفرنس 15فروری بروز جمعہ کو جامعہ حیدریہ خیرپور سندھ میں منعقد ہوئی ۔

کانفرنس میں اہل سنت ولجماعت کے سربراہ علامہ محمد احمد لدھیانوی ،ڈاکٹر خادم حسین ڈھلوں،مولانا اورنگزیب فاروقی،مولانا عبد الخالق رحمانی،سید پریل شاہ بخاری ،مولانا عبد الغنی ،مولانا اللہ وسایا صدیقی ،مولاناثناء اللہ حیدری،مولانا عبد الصمد حیدری،مولانا عبد الجبار حیدری،مولانا معاویہ اعظم،مولانا ریحان محمود،مولانا رمضان مینگل،مولانا عبداللہ سندھی،نجم الدین مجاہد ،مولانا عبد الکریم مری اور دیگر نے خطاب کیا۔

اہل سنت والجماعت کے سربراہ علامہ محمد احمد لدھیانوی نے کہا کہ ہم پاکستان میں نظام خلافت راشدہ کے نفاذ اور تحفظ ناموس صحابہ کی آئینی جدجہد کررہے ہیں۔ نظام خلافت راشدہ وطن عزیز پاکستان کا مقدر بن کررہے گا۔ہماری قربانیوں کا مقصد پاکستان میں پرامن طریقے سے اسلامی نظام کی راہ ہموار کرنا اور تحفظ ناموس صحابہ کو قانونی حیثیت دلوانا ہے۔

علامہ محمد احمد لدھیانوی نے اپنے کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ آئندہ الیکشن میں بھرپور حصہ لیں اور دشمنان صحابہ کاراستہ روکیں۔گستاخ صحابہ ہمارے ووٹوں سے منتخب ہوکر اسلام دشمن طاقتوں کو تقویت پہنچاتے ہیں۔علامہ محمد احمد لدھیانوی نے ایران کے ایٹمی طاقت بننے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران مسلم ممالک میں مذہب کے نام پر مسلسل مداخلت کررہاہے جس کی وجہ سے مسلم ممالک میں مذہبی دہشت گردی کو فروغ مل رہا ہے۔

ایران مسلم ممالک پر اپنی چودھراہٹ کو قائم کرنے کیلئے دہشت گردی کا ذریعہ اختیار کررہا ہے۔عالمی طاقتیں ایران کی حدود کا تعین کریں اور اسے مسلم ممالک میں مداخلت سے باز رکھیں۔علامہ علی شیر حیدری شہید نے وطن عزیز پاکستان کیلئے گرانقدر خدمات سرانجام دیں جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔وہ ہمیشہ احقاق حق وابطال باطل کیلئے کوشاں رہے۔

اہل سنت والجماعت کے مرکزی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر خادم حسین ڈھلوں نے کہا کہ پاکستان ہمارے اکابر کا دیا ہوا ،اثاثہ اور اللہ کی بہت بڑی نعمت ہے،اسکی حفاظت ہمیں اپنی جانوں سے زیادہ عزیز ہے۔ہم اس ملک پر کبھی آنچ نہیں آنے دیں گے اور دفاع پاکستان کیلئے ہمیشہ کوشاں رہیں گے۔اہل سنت والجماعت کراچی کے صدر مولانا اورنگزیب فاروقی نے کہا کہ علامہ علی شیر حیدری نے جس مشن کیلئے ہمیں کھڑا کیا تھا ہم اس پر ثابت قدمی کے ساتھ کھڑے ہیں اور اسکی تکمیل کیلئے پرامن جدجہد جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا ایک مخصوص گروہ نے کراچی کا امن تباہ کیا ہوا ہے،حکومت کراچی کا امن قائم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔کراچی میں ایران کی پشت پناہی میں کام کرنے والے دہشت گردوں کو روکا نہ گیا تو حالات مزید خراب ہوسکتے ہیں۔ کانفرنس میں علامہ علی شیر حیدری کے فتویٰ پر مشتمل کتاب فتویٰ امام اہل سنت کی تقریب رونمائی بھی کی گئی۔

خیرپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں