خیرپور،ٹھری میرواہ میں نوجوان کی تشدد زدہ لاش برآمد‘ رانی پور میں دوران ڈکیتی خاتون کو گولی مار دی گئی‘ گمبٹ میں نوجوان کا اقدام خودکشی

ہفتہ 24 جنوری 2015 14:18

خیرپور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جنوری 2015ء) ٹھری میرواہ میں نوجوان کی تشدد زدہ لاش برآمد‘ رانی پور میں دوران ڈکیتی خاتون کو گولی مار دی گئی‘ گمبٹ میں نوجوان کا اقدام خودکشی۔ تفصیلات کے مطابق ٹھری میرواہ تھانے کی حدود ننڈھی ٹھری سے 19 سالہ نوجوان کی تشدد زدہ گولیاں لگی لاش ملی ہے‘ مقتول شاہ میر ولد غریب نواز کو نامعلوم ملزمان نے اغواء کرنے کے بعد تشدد کا نشانہ بنایا ‘ بعد ازاں گولیاں مار کر قتل کیا اور لاش گھر کے قریب پھینک کر فرار ہوگئے‘ علاقہ پولیس نے لاش تحویل میں لے کر ضروری کارروائی کیلئے اسپتال پہنچائی۔

آخری اطلاع آنے تک واقعہ کی رپورٹ درج نہیں ہوسکی تھی۔ رانی پور تھانے کی حدود گوٹھ قیصر شاہانی میں مبینہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ملزمان نے 30 سالہ مسمات ناہید پر فائرنگ کردی اور فرار ہوگئے‘ زخمی عورت کو فوری اسپتال لے جایا گیا جہاں اس کی حالت اب خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

ادھر گمبٹ کے علاقے ستابو میں نوجوان سرفراز ولد نیاز حسین کھوڑو نے والدین سے ناراض ہوکر پستول سے خود پر فائرنگ کرکے خودکشی کی کوشش کی جسے نازک حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا۔ اہل خانہ کے مطابق اس سے قبل بھی اس نے خواب آور دوا کھا کر خودکشی کی کوشش کی تھی۔ والدین سے جائیداد کی فروخت پر تنازع چل رہا ہے‘ پولیس نے خودکشی کا مقدمہ درج کرلیا۔

خیرپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں