ملکی صورتحال اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے صوفی ازم کا فروغ انتہائی اہمیت کا حامل ہے، قائم علی شاہ،

حضرت سچل سرمست اس خطے کے بین الاقومی شاعر تھے جن کے کلام پر ڈاکٹر سخی قبول محمد فاروقی نے بڑی تحقیق کی اور سچل سرمست کے پیغام برائے امن ،محبت اور بھائی چارے کو بین الاقوامی سطح پر روشناس کرایا ،وزیر اعلیٰ سندھ

ہفتہ 21 فروری 2015 22:24

خیرپور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 21 فروری 2015ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ ملکی صورتحال اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے صوفی ازم کا فروغ انتہائی اہمیت کا حامل ہے ہفت زبان شاعر حضرت سچل سرمست اس خطے کے بین الاقومی شاعر تھے جن کے کلام پر ڈاکٹر سخی قبول محمد فاروقی نے بڑی تحقیق کی اور سچل سرمست کے پیغام برائے امن ،محبت اور بھائی چارے کو بین الاقوامی سطح پر روشناس کرایا ملک بھر میں حضرت سچل سرمست اور شاہ عبدالطیف بھٹائی کا نعم البدل نہیں ڈاکٹر سخی قبول محمد فاروقی تعلیم یافتہ اور باشعور صوفی شخصیت کے حامل تھے ان کی خدمات کے صلے میں صوفی یونیورسٹی کا درازہ شریف میں کیمپس قائم کرکے اس کو ڈاکٹر سخی قبول محمد فاروقی کے نام سے منسوب کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہو ں نے درگاہ حضرت سچل سرمست کے مزار پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ سید قائم علی شاہ نے مزید کہا کہ ڈاکٹر سخی قبول محمد فاروقی نے صوفی ازم میں پی ایچ ڈی کی تھی جس پر ان کو صوفی یونیورسٹی کا وائس چانسلر مقرر کیا جاتا لیکن وہ اس دنیا سے جلدی چلے گئے وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے رانی پور پریس کلب کے لیے اڈھائی لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا اور درازہ شریف میں پولیس پکٹ قائم کرکے نفری تعینات کرنے کی ہدایت کی اس موقع پر ڈپٹی کمشنر خیرپور سے سچل سرمست کی درگاہ کے ترقیاتی پیکیج کے حوالے سے بریفنگ لی جس میں ڈپٹی کمشنر خیرپور منور مٹھانی نے بتایا کہ سچل سرمست کی درگاہ کے ترقیاتی پیکیج میں دورویہ سڑک کاکام جاری ہے جبکہ سچل کے باغ اور دیگر ترقیاتی کاموں کے لیے 100 ملین کی پی سی ون تیار کرکے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ محکمے کو بھیجی گئی ہے۔

اس سے قبل وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے درگاہ حضرت سچل سرمست کے سجادہ نشین عبدالحق فاروقی سے ان کے والد ڈاکٹر سخی قبول محمد فاروقی کی وفات پر ان سے تعزیت جبکہ وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے ان ہمراہ حضرت سچل سرمست کے مزار پر حاضری دی اور ڈاکٹر سخی قبول محمد فاروقی کی قبر پر فاتحہ پڑھی دریں اثناء وزیر اعلیٰ سید قائم علی شاہ نے گوٹھ سدھورو جانوری میں خیر محمد جانوری کی وفات پر وڈیرا سلیم جانوری سے تعزیت کی۔

خیرپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں