یونائیٹڈ اسٹیٹ ایجوکیشنل فاؤنڈیشن پاکستان امریکن قونصلیٹ کراچی کے اشتراک سے اسکالرشپ کے حصول کے بابت آگاہی سیشن کا انعقاد

جمعرات 19 مارچ 2015 21:52

خیرپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مارچ۔2015ء) یونائیٹڈ اسٹیٹ ایجوکیشنل فاؤنڈیشن پاکستان امریکن قونصلیٹ کراچی کے اشتراک سے شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور میں جی آر ای کی تیاری اور امریکہ میں فل برائیٹ اسکالرشپ کے حصول کے بابت ایک آگاہی سیشن منعقد ہوا، جاری کردہ اعلامیہ کیمطابق اس موقع پرپروگرام منیجر جی آر ای زیشان نے ایم ایس، ایم فل اور پی ایچ ڈی کے محققین کو فیکلٹی آف ایجوکیشن کے ملٹی پرپز ہال میں بریفنگ دی۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ سندھ کے صرف 9فیصد طلبہ و طالبات جی آر ای کیلئے اپلائی کررہے ہیں جو ٹھیک نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جی آر ای ٹیسٹ کا مقصد امریکہ کی 4700سے زائد معروف جامعات میں اسکالرشپ حاصل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اس وقت تعلیم پر 6ارب ڈالرز سے زائد خرچ کررہا ہے۔

(جاری ہے)

جی آر ای کا مقصد ثقافتی اور تعلیمی روابط استوار کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام 1950کی دہائی میں شروع ہوا۔

انہوں نے جی آر ای ٹیسٹ کے حوالے سے ٹیسٹ پیٹرن ، رجسٹریشن اور دیگر امور کے متعلق آگاہی دی۔ اس موقع پر فل برائیٹ پروگرام کے انچارج فراز نقوی نے فل برائیٹ اور امریکہ میں تعلیم حاصل کرنے کے متعلق آگاہی دی۔انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد امریکی عوام و دیگر ممالک کی عوام کا باہمی رابطہ استوار کرنا ہے۔ یونائیٹڈ اسٹیٹ ایجوکیشنل فاؤنڈیشن پاکستان کی ٹیم نے بہترین میزبانی پر یونیورسٹی کی انتظامیہ کی تعریف کی ، قبل ازیں پروفیسر ڈاکٹر یاسمین فیض قاضی ڈین فیکلٹی آف نیچرل سائنسز نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور یونیورسٹی کی تعلیم، تدریسی و تحقیقی ترقی کے متعلق آگاہی دی۔

انہوں نے امید طاہر کی کہ شاہ عبداللطیف یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں گے۔

متعلقہ عنوان :

خیرپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں