ٹی ایم اے نارا میں کروڑوں روپے کی کرپشن، ہائی کورٹ کے حکم کے بعد آڈٹ کی اطلاعات

منگل 7 اپریل 2015 13:48

خیرپور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07 اپریل۔2015ء) ٹی ایم اے نارا میں کروڑوں روپے کی کرپشن، ہائی کورٹ کے حکم کے بعد آڈٹ کی اطلاعات۔ ضلع خیرپور کے رقبے کے لحاظ سے بڑی تحصیل نارا کی میونسپل ایڈمنسٹریشن میں کروڑوں روپے کے بجٹ کے باوجود تحصیل کے مرکزی شہر چونڈکو میں گندگی اور نکاسی آب اور پینے کے پانی کی عدم دستیابی کے باعث شہری صحت سمیت مختلف مسائل کا شکار ہیں۔

کروڑوں روپے کا بجٹ شہریوں کے مسائل حل کرنے کے بجائے بااثر سیاسی شخصیات کی ملی بھگت سے ہڑپ کرلیا جاتا ہے۔ تعلقہ میونسپل ایڈمنسٹریشن کے خلاف ہائی کورٹ سکھر بینچ کے حکم پر کمشنر سکھر ڈویژن اور ڈپٹی کمسنر خیرپور ٹی ایم اے نارا کے آفس میں پہنچ کر انکوائری کے بعد رپورٹ ہائی کورٹ میں پیش کریں گے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ تعلقہ میونسپل ایڈمنسٹریشن کے افسران کے خلاف چونڈکو کے سماجی رہنما علی نواز ڈھر ودیگر شہریوں نے ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر کی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ ٹی ایم اے نارا کا ایک کروڑ 80 لاکھ روپے کا بجٹ ترقیاتی کاموں وشہر کے مسائل حل کرنے کے بجائے سیاسی اثر ورسوخ رکھنے والی شخصیات کی ملی بھگت سے ہڑپ کرلیاجاتا ہے۔

دوسری جانب چونڈکو سمیت دیگر علاقوں کے مکین گندگی کے ڈھیروں کے باعث مختلف بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں۔ شہر کے چوک اور گلیاں محلے گندگی کے ڈھیر سے اٹے ہوئے نظر آتے ہیں۔ ٹی ایم اے کے افسر علی گوہر پھلپوٹو، عبدالرزاق خاصخیلی اور غلام نبی انڑ ودیگر کے خلاف اشرف ناریجو، چنیسر نایجو، لیاقت ناریجو، گلن گوپانگ، یاسین گوپانگ، غلام مہر، محکم چانڈیو، رجب چانڈیو، الہیار سیال، معشوق سیال، جمن شیخ، رانجھن لغاری، عاشق شر، خیر محمد سیال، رانجھومل، کارومل، لالو مل، جئے مل، شوکومل، ارجن مل، میوومل ودیگر نے میڈیا کو بتایا کہ مذکورہ افسران نے کرپشن کے سابقہ ریکارڈ توڑ دیئے ہیں، شہریوں سے جینے کا حق چھین لیا گیا ہے۔

انہوں نے حکام بالا سے پرزور مطالبہ کیا کہ شہریوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرکے ایماندار افسران کا تقرر کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :

خیرپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں