محرم الحرام کے دوران تمام جلوسوں کے گزرگاہوں پر صفائی ستھرائی روشنی کے انتظامات بہتر بنائے جائیں، کمشنر سکھر

امن و امان کے قیام کیلئے متعلقہ افراد ،مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں، محمد عباس بلوچ

اتوار 11 اکتوبر 2015 20:30

خیرپور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 اکتوبر۔2015ء) کمشنر سکھر ڈویژن محمد عباس بلوچ نے خیرپور انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ محرم الحرام کے دوران تمام جلوسوں کے گزرگاہوں پر صفائی ستھرائی روشنی کے انتظامات بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ امن و امان کے قیام کے لیے متعلقہ افراد اور مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں خیرپور میں پاک فوج کے دستے پولیس اور رینجرز کی مدد کے لیے موجود ہونگے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر خیرپور آفس میں انتظامی اور قانون نافذکرنے والے اداروں کے آفیسرزسمیت مذہبی رہنماؤں کے ساتھ اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر خیرپور منور علی مٹھانی ، ایس ایس پی خیرپور پیر محمد شاہ ، رینجرز کے کرنل الیاس اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

کمشنر سکھر ڈویژن محمد عباس بلوچ نے خیرپور کے چار تعلقوں کے اسسٹنٹ کمشنر کی اجلاس میں عدم شرکت پر سخت برہمی کا اظہارکرتے ہوئے ان کے خلاف چیف سیکریٹری کے تحریری طور پر آگاہ کرنے کا حکم دیا ۔

کمشنر سکھر ڈویژن نے کہاکہ محرم الحرام کے دوران روٹس کی صفائی ستھرائی ، روشنی اور مرمت کے کاموں کے ذمہ دار اسسٹنٹ کمشنر ز ہیں اس سلسلے میں کوئی بھی عذر قابل قبول نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز آٹھوں تعلقوں میں دو روز کے اندر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ اجلا س کرکے مسائل کو حل کرکے ان کو فوری رپورٹ دیں ۔ کمشنر سکھر ڈویژن محمد عباس بلوچ نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان قائم کرنا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے اس کے ساتھ ساتھ تمام اسٹیک ہولڈرزاور مقامی افراد کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنا بھرپور اور مثبت کردار ادا کریں تاکہ محرم الحرام کے ایام امن و امان کے ساتھ گزر جائیں ۔

کمشنر سکھر ڈویژن نے ڈپٹی کمشنر خیرپور کو ہدایت دی کہ وہ ایس ایس پی ، رینجرز،سیپکو آفیسراور دیگر متعلقہ افسران کے ساتھ تمام روٹس کا معائنہ کریں اور جہاں بھی مسئلہ ہو اس کو فوری حل کیا جائے جبکہ وہ خود ڈی آئی جی اور رینجر زکے افسران کے ساتھ سرپرائز دورہ کریں گے جہاں بھی کوتاہی نظر آئی اس علاقے کے آفیسرکے خلاف کاروائی کی جائے گی ۔

انہوں نے کہا کہ بہت جلد پاک فوج سمیت پولیس اور رینجرز کا مشترکہ فلیگ مارچ کیا جائے گا اور کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازات نہیں دی جائے گی۔ کمشنر سکھر ڈویژن نے یہ بھی ہدایت دی کہ نئے گوٹھ سمیت مختلف علاقوں میں روڈ راستوں پر تعمیراتی میٹریل کو فوری طور پر صاف کیا جائے اور صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر کیا جائے اس سلسلے میں کوتاہی برداشت نہیں کیا جائے گی انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے خیرپورمیں صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر بنانے کی ہدایت کی ہے اس موقع پر ڈپٹی کمشنر خیرپور منور علی مٹھانی نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز اور دیگر متعلقہ افراد کے ساتھ وقتاً فوقتاًاجلاس اور ملاقات کی جارہی ہیں مقامی افراد کے تعاون کی ضرورت ہے ۔

ایس ایس پی خیرپور پیر محمد شاہ نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران غیر جانبدار انہ رویہ اختیار کیا جائے گا اور پالیسی میں یکسانیت ہوگی محرم میں اضافی نفری کے لیے اعلیٰ حکام کو تحریری طور پر لکھا ہے انہوں نے کہا کہ رینجرز کے ساتھ مشترکہ فلیگ مارچ کیا جائے گا اور اسنیپ چیکنگ کا نظام بھی شروع کیا جائے گا رینجرز کے کرنل الیاس نے کہا کہ امن و امان کے مسئلے پر غیر جانبدارانہ کردار ادا کیا جائے گا اور قانون سمیت ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنیوالوں کے ساتھ کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں کی جائے گا اس موقع پر مذہبی رہنماؤں نے اپنے اپنے مسائل کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :

خیرپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں