بدعنوانی ہمارے معاشرے میں ایک موذی مرض کی شکل اختیار کرگئی ہے،ڈپٹی کمشنر خیرپور

جمعرات 10 دسمبر 2015 19:38

خیرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 دسمبر۔2015ء)ڈپٹی کمشنر خیرپور منور علی مٹھانی نے کہا ہے کہ بدعنوانی ہمارے معاشرے میں ایک موضی مرض کی شکل اختیار کرگئی ہے جس کے خاتمے کے لیے شہریوں اور سرکاری افسران اور ملازم کو جرأت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بدعنوانی کے خلاف اقدامات کرنا ہونگے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی سی آفس خیرپور سے پریس کلب تک انسداد بدعنوانی واک کی قیادت کرنے کے بعد پریس کلب خیرپور پر واک کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

ڈی سی خیرپور نے مزید کہا کہ ہم مسلمان ہیں اور ایک اﷲ ایک نبی ؐ کے پیروکار ہیں نبی ؐ کریم کے دور میں بدعنوانی کا وجود ہی نہیں تھا اور ہم سنت رسول ؐ پر عمل پیرا ہیں آج ہم سب کو یہ عہد کرنا ہوگا کہ بدعنوانی کے خاتمے کے لیے اپنا موثر کردار ادا کریں گے انہوں نے کہا کہ بدعنوانی میں کسی ایک ادارے یا آفیسر کو ذمہ دار نہیں ٹھرایا جاسکتا معاشرے کے ہر فرد کو بدعنوانی کے خاتمے کے لیے خود کو تیار کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

اے ڈی سی ٹو ریاض حسین وسان نے اس موقع پر کہا کہ ہمارے معاشرے کی ترقی اور خوشحالی میں سب سے بڑی رکاوٹ بدعنوانی ہے جس کا خاتمہ نہ کیا گیا تو ہمارا معاشرتی نظام درہم برہم ہوجائے گا ضلعی انتظامیہ ہر سطح پر بدعنوانی کے خلاف تعاون کے لیے تیار ہے شہری، طلباء، نوجوان، اسٹیک ہولڈرز اور دیگر معززین آگے آئیں اور بدعنوانی کے خاتمے میں مدد فراہم کریں ۔

سرکل آفیسر اینٹی کرپشن خیرپور انور شیخ نے کہا کہ اینٹی کرپشن ڈے منانے کا مقصد عوام میں بدعنوانی کے بارے میں شعور بیدار کرنا ہے اس موقع پراسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر حفیظ اﷲ شیخ ،ڈی ایچ او ڈاکٹر نثار پھلپوٹو،ای ڈی او تعلیم لیاقت علی خاصخیلی، ٹی او آپا نگہت ،خیرپور یوتھ کونسل کے جنرل سیکریٹری رمیز سومرو، بک گروپ کے عظمت پاشا اور دیگر نے خطاب کیا اس سے قبل انسداد بدعنوانی دن کے حوالے سے ڈی سی آفس خیرپور سے انسداد بدعنوانی واک نکالی گئی جس میں سینٹ تھریزاز، نازپائلٹ، کمپریہینسو ہائی اسکول،محکمہ تعلیم ، صحت، خیرپور یوتھ کونسل کے اراکین، شہریوں، معزز افراد ، طلباء و طالبات کے علاوہ سرکاری اداروں کے ملازمین نے بڑی تعدا د میں شرکت کی ۔

خیرپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں