آنکھوں والوں سے وعدے پورے نہ کرنیوالوں کو نابیناؤں سے وعدوں کی کیا پرواہ‘چوہدری پرویزالٰہی،

تمام معذوروں کو ہم نے ملازمتوں اور تعلیمی اداروں میں خصوصی کوٹہ اور انقلابی سہولتیں دیں اب وہ حکمرانوں کو سرعام بددعائیں دے رہے ہیں

منگل 3 مارچ 2015 19:31

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03مارچ۔2015ء )پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے پنجاب اسمبلی کے باہر شدید سردی کے باوجود دھرنا دینے والے نابیناؤں کے مطالبات کی پرزور حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آنکھوں والوں سے وعدے پورے نہ کرنے والوں کو نابیناؤں سے کیے گئے اپنے وعدوں کی کیا پرواہ ہو سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات نہایت افسوسناک ہے کہ پچھلے سال اپنے مطالبات کیلئے سڑکوں پر آنے والے بصارت سے محروم سینکڑوں افراد پر پنجاب کے حکمرانوں کے بدترین تشدد کی عالمی اور قومی سطح پر شدید مذمت کے بعد ان سے جو وعدے کیے گئے تھے وہ ابھی تک پورے نہیں ہوئے اور انہیں ایک بار پھر سڑکوں پر آنے پر مجبور کر دیا گیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ہم نے پنجاب میں اپنی حکومت کے دوران معذوروں کو ملازمتوں اور تعلیمی اداروں میں خصوصی کوٹہ سمیت تاریخی سہولتیں دیں، وزیراعلیٰ ہاؤس میں پہلی بار نابینا خاتون ٹیلیفون آپریٹر کا تقرر بھی کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آنکھوں سے محروم افراد کے مسائل عقل سے محروم لوگ کیا حل کریں گے، یہی وجہ ہے کہ معذوروں سمیت گوناگوں مسائل سے بدحال عوام حکمرانوں کو سرعام بددعائیں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت بڑے بڑے اشتہارات کے ذریعے سہولتوں کا اعلان کر کے عوام کو متاثر کرنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے جبکہ عملی طور پر کسی شعبہ میں کچھ نہیں ہو رہا اور نابیناؤں کی مثال ہمارے سامنے ہے جبکہ ہماری حکومت نے پنجاب میں سرکاری ملازمتوں میں معذوروں کیلئے 5فیصد اور تعلیمی اداروں میں 2فیصد کوٹہ مقرر کرنے کے علاوہ مفت تعلیم، آلات، ٹرانسپورٹ، وظیفہ اور متعدد انقلابی سہولتیں پہلی بار فراہم کیں، ہمارے دور میں نابینا، گونگے اور بہرے افراد کیلئے ٹاکنگ کمپیوٹر لیبارٹریز، لوویژن سنٹر اور آڈیو کلینک قائم کیے، بلائنڈ کرکٹ ٹیم کی خصوصی سرپرستی اور سہولتیں فراہم کی گئیں جو عالمی چمپئن بنی جبکہ پرائیویٹ سیکٹر میں قائم خصوصی تعلیمی اداروں کی تکنیکی اور مالی اعانت بھی کی گئی، ہم نے خصوصی بچوں کی تعلیم و تربیت کے عالمی معیار کے ادارے قائم کیے، تحصیل کی سطح تک خصوصی تعلیم کے 119سکول، سنٹر اور لاہور و بہاولپور میں ڈگری کالج قائم کیے، ان تعلیمی اداروں میں تدریسی اور غیر تدریسی عملہ کی خصوصی تربیت کے علاوہ تنخواہیں اور مراعات عام تعلیمی اداروں سے دوگنا مقرر کی گئیں، خصوصی طلبہ کو مفت بریل کتب، آلہ سماعت، وہیل چیئر اور 200روپے ماہانہ وظیفہ بھی دینا شروع کیا گیا، سرکاری عمارات میں معذور افراد کی آمدورفت کیلئے ریمپ کی تعمیر بھی لازم قرار دی گئی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں