پیپلز پارٹی جمہوری عمل پر یقین رکھتی ہے ،پنجاب اسمبلی میں سینٹ کے انتخابات میں بھرپور حصہ سے رہی ہے ‘قاضی احمد سعید،

جمہوری عمل کے جاری رہنے کیلئے 2013 ء کے انتخابی نتائج قبول کئے ،کسی کو جمہوری نظام کو پٹری سے اتارنے کا موقع نہ مل سکے‘پارلیمانی سیکرٹری

منگل 3 مارچ 2015 20:48

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03مارچ۔2015ء ) پنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر قاضی احمد سعید نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی جمہوری عمل پر یقین رکھتی ہے اسی لئے پنجاب اسمبلی میں سینٹ کے انتخابات میں بھرپور حصہ سے رہی ہے اور مسلم لیگ ن کو خالی میدان نہیں دیا۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اسی طرح جمہوری عمل کے جاری رہنے کیلئے 2013 کے انتخابی نتائج قبول کئے ،کسی کو جمہوری نظام کو پٹری سے اتارنے کا موقع نہ مل سکے، پیپلز پارٹی اپنا سیاسی اور جمہوری کردار ادا کرتی رہے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا مسلم لیگ ن حیلے بہانوں سے اراکین اسمبلی کو لالچ دے رہی ہے اور یہ عمل صرف 5 مارچ کی شام کو ختم ہو جائے گا۔ ایسے اوچھے ہتھکنڈے مسلم لیگ ن کا شیوا رہا ہے انہوں نے سابق صدر آصف علی زرداری کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ پارٹی کو صحیح رخ پر لے کر چل رہے ہیں پنجاب اسمبلی میں سینٹ کے انتخابات میں اراکین کی عزت افزائی قابل تحسین ہے۔ پیپلز پارٹی ملک میں جمہوری نظام کو پختہ کرنے پر یقین رکھتی ہے اور آئندہ بھی جمہوریت کی خاطر کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں