آنکھوں والوں سے وعدے کر کے انکی آنکھوں میں دھول جھونکنے والے بصارت سے محروم افراد کو کیسے حقوق دینگے‘ جمشید اقبال چیمہ،

(ن) کے دور حکومت میں شاید ہی ایسا کوئی طبقہ ہو گا جس نے اپنے مطالبات کیلئے مظاہرے اور دھرنے دے کر لاٹھیاں نہ کھائی ہوں

منگل 3 مارچ 2015 21:14

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03مارچ۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں شاید ہی ایسا کوئی طبقہ ہو گا جس نے اپنے مطالبات کیلئے احتجاجی مظاہرے اور دھرنے دے کر لاٹھیاں نہ کھائی ہوں ، آنکھوں والوں سے وعدے کر کے انکی آنکھوں میں دھول جھونکنے والے بصارت سے محروم افراد کو کیسے حقوق دیں گے ، نا بینا افراد کے مطالبات کی پر زور حمایت کرتے ہیں اور حکومت سے مطالبہ ہے کہ وہ نا بینا افراد سے کئے گئے وعدے پورے کرے ۔

گزشتہ روز مال روڈ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ اساتذہ ‘ لیڈی ہیلتھ ورکرز‘ ڈاکٹروں اور عام عوام کے بعد نا بینا افراد کا اپنے حقوق کے لئے سڑکوں پر آنے سے حکمرانوں کی گڈ گورننس کے دعوؤں کی قلعی کھل گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نا بینا افراد اپنے مطالبات کے حق میں ساری رات کھلے آسمان تلے پڑے رہے جبکہ خادم اعلیٰ اگلے روز نمائشی اجلاس میں معاملات خوش اسلوبی سے حل کرنے کا درس رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی کارکردگی صرف اشتہارات تک محدود ہے جبکہ عوام کا کوئی پرسان حال نہیں اور لوگ جھولیاں اٹھا اٹھا کر بدعائیں دینے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نا بینا افراد کے حقوق کے لئے ہر فورم پر آواز بلند کریں گے ۔ حکومت سے مطالبہ ہے کہ وہ نا بینا افراد سے کئے گئے تمام وعدے پورے کرے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں