حکمرانوں کو اپنا رویہ بدلنا ہوگا ، حکومت بصارت سے محروم افراد سے کئے گئے وعدے پورے کرے‘ محمود الرشید،

نا بینا افراد دہشتگرد نہیں جو اسمبلی کے دروازے بند کر دئیے ،حکومتی رویہ گڈ گورننس کے منہ پر طمانچہ ہے ‘ اپوزیشن لیڈر

منگل 3 مارچ 2015 21:14

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03مارچ۔2015ء) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ حکمرانوں کو اپنا رویہ بدلنا ہوگا ، بصارت سے محروم افراد سے جو وعدے کئے گئے ہیں انہیں پورا کیا جائے ،بصارت سے محروم افراد دہشتگرد نہیں جو اسمبلی کے دروازے بند کر دئیے بلکہ یہ لوگ حکومتی توجہ کے منتظر ہیں اور حکومت کا رویہ گڈ گورننس کے منہ پر طمانچہ ہے ،جب تک انتخابات میں ہونے والی دھاندلی کی تحقیقات کے لئے جوڈیشل کمیشن نہیں بنتا ایوان میں واپس نہیں جائیں گے۔

ان خیالات کا اظہارا نہوں نے گزشتہ روز پنجاب اسمبلی کے احاطے میں نا بینا افرا د سے اظہار یکجہتی کے لئے آمد کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ محمود الرشید اور دیگر نے مال روڈ پر بھی نا بینا افراد کے دھرنے میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

میاں محمود الرشید نے مزید کہا کہ حکومت نے نا بینا افراد سے جو بھی وعدے کئے ہیں انہیں فی الفور پورا کیا جائے ۔دنیا کے کسی بھی مہذب معاشرے میں نا بینا افراد کو دھکے اور ان پر تشدد کی مثال نہیں ملتی ۔

انہوں نے کہا کہ حکمران مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں اورصوبے میں حکومت نام کی کہیں کوئی چیز نظر نہیں آ رہی ۔کبھی ڈاکٹر ، کبھی پیرامیڈیکل اسٹاف کبھی لیڈی ہیلتھ ورکرزاور کبھی ایپکا ملازمین اپنے مطالبات کے حق میں سڑکوں پر احتجاج کر رہے ہیں اور اب حکومت نے نابینا افراد سے بھی کئے جانے والے وعدے کو پورا نہیں کیا جس کی وجہ سے بیچارے سڑکوں پر آ کر احتجاج کر رہے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ نابینا افراد کوئی دہشت گرد نہیں کہ ان کیلئے پنجاب اسمبلی کے دروازے بند کر دیئے جائیں ۔میں عمران خان کی ہدایت پر یہاں پہنچا ہوں اور جہاں بھی نابینا افراد اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کریں گے ہم ان کا بھر پور ساتھ دوں گا اور تحریک انصاف بھی انہیں کسی بھی سطح پر تنہا نہیں چھوڑے گی۔اس سوال کہ اگر آپ ایوان میں ہوتے تو زیادہ بہتر انداز میں آواز اٹھا سکتے تھے جس پر محمود الرشید نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کے آگے بات کرنا بھینس کے آگے بین بجانے والی بات ہے ہم جہاں بھی ہوں گے انکے لئے آواز بلند کریں گے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں