وزیراعظم محمد نواز شریف کے دورہ سعودی عرب سے دونوں ملکو ں کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے، خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے ملنے والی تاریخی پذیرائی کو کبھی فراموش نہیں کر سکتے، شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا وزیراعظم نواز شریف کا پرتپاک استقبال گرمجوش تعلقات کا عکاس ہے، پاکستان کی تعمیر و ترقی میں سعودی عرب کا بے پایاں تعاون لائق تحسین ہے،وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی سعودی عرب سے واپسی پر لاہو رائیرپورٹ پر گفتگو

جمعرات 5 مارچ 2015 20:19

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔5 مارچ۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سعودی عرب کے دورے کے بعد جمعرات کی صبح لاہور واپس پہنچ گئے۔ ائیرپورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تاریخی، تہذیبی، ثقافتی اور برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔ وزیراعظم محمد نواز شریف کے دورہ سعودی عرب سے دونوں ملکو ں کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

سعودی عرب کے فرمانروا خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے ملنے والی تاریخی پذیرائی کو کبھی فراموش نہیں کر سکتے۔ دونوں ممالک کے عوام محبت اور بھائی چارے کے لازوال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ سعودی عرب کے فرمانروا خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے وزیراعظم محمد نواز شریف کا ائیرپورٹ پر پرتپاک استقبال دونوں ممالک کے درمیان گرمجوش تعلقات کی بھرپور عکاسی کرتا ہے، بلاشبہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں سعودی عرب کا بے پایاں تعاون لائق تحسین ہے۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کی بھرپور مدد کی ہے، وزیراعظم محمد نواز شریف کے دورہ سعودی عرب سے دونوں ملکو ں کے درمیان برادرانہ تعلقات اور دوستی کا رشتہ مزید مضبوط ہوگا۔ سعودی عرب پاکستان کا عظیم دوست ہے جس نے مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ دونوں ممالک کے عوام بھی آپس میں گہری وابستگی رکھتے ہیں۔ سعودی عرب اور پاکستان کے عوام یک جان دو قالب ہیں اور دونوں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔

پاکستان اور اس کے عوام سعودی عرب کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ پاکستان کی قیادت اور عوام سعودی عرب کے فرمانروا خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے بے پایا ں تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور ہمارے لیے یہ ایک سرمایہ سے کم نہیں ،جسے ہم کبھی بھول نہیں سکتے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں