سینیٹ انتخابات میں پنجاب سے کلین سویپ عوام کا وفاقی اور پنجاب حکومت کی کارکردگی پر اعتماد کا اظہار ہے ‘ سینیٹرمشاہد اللہ خان،

ندیم افضل چن کو 27ووٹ پڑنا خبر نہیں،خبر یہ ہے وہ برے طریقے سے ہار گئے ہیں ، پارٹی میں کوئی دڑاڑ نہیں ‘ مرکزی رہنما (ن) لیگ

جمعرات 5 مارچ 2015 23:52

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔5 مارچ۔2015ء) وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی ونو منتخب سینیٹر مسلم لیگ (ن) مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ سینیٹ انتخابات میں (ن) لیگ کا پنجاب سے کلین سویپ عوام کا وزیر اعظم محمد نواز شریف کی وفاقی اور وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی صوبائی حکومت کی کارکردگی اور پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار ہے ،خبر یہ نہیں کہ ندیم افضل چن کو 27ووٹ پڑے ہیں بلکہ خبر یہ ہے کہ وہ برے طریقے سے ہار گئے ہیں ، مسلم لیگ (ن) میں کوئی دڑاڑ نہیں یہ ہوائی کسی دشمن نے اڑائی ہے ۔

سینیٹ انتخابات کے بعد پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشاہد اللہ خان نے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں پنجاب سے (ن) لیگ کے کلین سویپ سے تمام افواہیں غلط ثابت ہو گئی ہیں ۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ سیاسی ورکر وں کی جماعت ہے اور پارٹی نے ان لوگوں کو ٹکٹ دئیے جنہوں نے پارٹی ،جمہوریت اور ملک کے لئے قربانیاں دیں، اس سے مسلم لیگ (ن) پر اشرافیہ کی جماعت ہونے کا الزام بھی غلط ثابت ہوا ہے ۔

میں اس پر بھی اپنی قیادت کو مبارکباد دیتا ہوں کہ انہوں نے کارکنوں اور بروے وقت کے ساتھیوں کا چناؤ کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ مسلم لیگ (ن) کے پرویز رشید کو 44‘غوث علی نیازی 43‘ عبد القیوم کو 43‘ سلیم ضیاء کو 42‘ نہال ہاشمی کو 41‘ چوہدری تنویر کو 41اور مجھے بھی 41ووٹ ملے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ندیم افضل چن کو 27ووٹ پڑے ہیں ۔ ندیم افضل کو (ن) لیگ کے ووٹ پڑنے سے انکی پارٹی کہاں کھڑی ہے کے سوال کے جواب میں مشاہد اللہ خان نے کہا کہ ہماری جماعت پہلے سے بہتری ہی کھڑی ہے ، ندیم افضل چن تو کہہ رہے تھے میں جیت رہا ہوں خبر یہ نہیں کہ انہیں 27ووٹ پڑے ہیں بلکہ خبر یہ ہے کہ انہیں برے طریقے سے شکست ہوئی ہے ۔

مسلم لیگ (ن) میں کوئی دڑاڑ نہیں یہ ہوائی کسی دشمن نے اڑائی ہے ۔ انہوں نے دوسرے صوبوں کے امیدواروں کو پنجاب سے انتخاب لڑانے کے سوال کے جواب میں کہا کہ کہا جاتا تھا کہ پنجاب چھوٹے صوبوں کا حق مارتا ہے لیکن پنجاب نے اپنے جسم کا حصہ کاٹ کر دیا ہے اسکی تو تعریف ہونی چاہیے ۔ اس اقدام کے غلط ہونے کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اور عدالتیں بیٹھی ہوئی ہیں۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں