پاکستان مسلم لیگ (ق) کا کالاباغ ڈیم کے حق میں پنجاب اسمبلی کے باہر کیمپ،

ڈیم کی تعمیر کے بغیر اندھیرے دور ہونگے نہ ملک خوشحال ہو گا میاں عمران مسعود اور دیگر رہنماؤں کا خطاب

جمعرات 5 مارچ 2015 23:56

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔5 مارچ۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے زیر اہتمام یہاں پنجاب اسمبلی کے سامنے کالا باغ ڈیم بناؤ کیمپ کا اہتمام کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی رہنماؤں نے ملک میں بجلی اور پانی کی کمی کے بحران کے خاتمہ کیلئے کالاباغ ڈیم کی فوری تعمیر کا مطالبہ کیا۔ کیمپ میں پارٹی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات میاں عمران مسعود سمیت رضوان ممتاز علی، خدیجہ عمر فاروقی ایم پی اے، نصیر آرائیں، انجینئر شہزاد الٰہی، خواجہ طاہر ضیاء، سید بلال مصطفی شیرازی،ماجدہ زیدی، آمنہ الفت،میاں اکرم، کنول نسیم، سجاد بلوچ، سہیل چیمہ، رضیہ سلطانہ ، پروین سکندر گل، رانا ریاض ،تبسم ناز ،سمیعہ طارق ، چوہدری اشرف ، شہزاد خان ، تمکین آفتاب، فیاض بھٹی، شیخ عمر، مہر اکرم ، اشرف کھوکھر،لالہ امتیاز، نواز ،شرافت سمیت عہدیداروں اور کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

میاں عمران مسعود نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملک کو اندھیروں سے نجات کیلئے کالا باغ ڈیم کی تعمیر ناگزیر ہے، توانائی بحران کے خاتمہ کے دیگر تمام ذرائع سے انتہائی مہنگی بجلی حاصل ہو گی جبکہ مہنگی بجلی عوام ،صنعت و تجارت اور زراعت کے مفاد میں نہیں ،انہوں نے کہا کہ حکمران چین سے 3600میگاواٹ بجلی درآمد کرنے کے منصوبے بنارہے ہیں جس کے لیے ٹرانسمیشن لائن بچھانے پر کثیر زرمبادلہ خرچ ہوگا اور درآمد شدہ بجلی مہنگی ہوگی جبکہ کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے نہ صرف3600میگاواٹ اڑھائی روپے یونٹ والی سستی بجلی مہیا ہوگی بلکہ زراعت کیلئے سارا سال نہری پانی بھی ملے گا جس کے نتیجے میں زرعی اور صنعتی ترقی سے ملک خوشحالی و کامرانی کی راہوں پر گامزن ہوگا۔

ملک کی خوشحالی کا بالواسطہ اور بلاواسطہ راستہ کالا باغ ڈیم کی تعمیر ہے یہ واپڈا کے قابل عمل اور جلد مکمل ہونے والے منصوبوں میں شامل ہے اس لیے حکومت تمام سیاسی اور ذاتی مفادات بالائے طاق رکھتے ہوئے کالا باغ ڈیم کی تعمیر کا فوری آغاز کرے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ لاہور کے نائب صدر نصیر احمد آرائیں نے کہا کہ مسلم لیگی کارکن مونس الٰہی کی قیادت میں کالا باغ ڈیم بناؤ تحریک کوکامیاب بنائیں گے اس سلسلہ میں کارکن پنجاب بھر کے اضلاع میں ریلیاں منعقد کرکے ڈیم کے حق میں رائے عامہ کو ہموار کریں گے۔ کیمپ کے شرکاء کالا باغ ڈیم کی تعمیر کیلئے مسلسل نعرے لگاتے رہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں