نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو میں چاروں صوبوں کی ثقافت کا مظاہرہ قومی یکجہتی کی علامت ہے ‘سید قائم علی شاہ،نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو جیسے پروگراموں کے انعقاد سے بھائی چارے اور محبت کے جذبات پروان چڑھتے ہیں،نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو کے دوبارہ انعقاد پر وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف مبارکباد کے مستحق ہیں‘وزیر اعلی سندھ کا خطاب ،دوسرے روز بچوں نے یونٹی ٹیبلو ، فوک ڈانس پیش کیا ، رینجرز کے جوانوں کا بینڈ پریڈ، موٹر سائیکل پر کرتب ، نیزہ بازی کا شانداہ مظاہرہ

جمعہ 6 مارچ 2015 18:13

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔6 مارچ۔2015ء) وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو میں چاروں صوبوں کی ثقافت اور روایات کا مظاہرہ نہ صرف متاثرکن بلکہ قومی یکجہتی ا ور اتحاد و یگانگت کی علامت ہے ،اس طرح کے شوکے انعقاد سے بھائی چارے اور محبت کے جذبات پروان چڑھتے ہیں ، میں وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کا مشکور ہوں کہ انہوں نے قومی سطح کے اس شو میں مدعو کیا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو کے دوسرے روز خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر صوبائی وزراء رانا مشہود احمد خاں اور خلیل طاہر سندھو ، ممبر قومی اسمبلی پرویز ملک اور ڈی جی رینجرز میجر جنرل خان طاہر جاوید خان ، اعلی حکام اور عوام کی کثیر تعداد موجود تھی ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر اقلیتی امور خلیل طاہر سندھو نے وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ کو خو ش آمدید کہا ۔

مہمان خصوصی کو بگھی میں سلامی کے چبوترے پر لایا گیا۔ بچوں نے یونٹی ٹیبلو پیش کیا اور پاکستان کا جھنڈا بنایا جس کو شائقین نے بے حد سراہا ۔ آرمی بینڈ نے قومی ترانوں کی محسور کن دھنیں پیش کیں ۔ رینجرز کے جوانوں نے ریڈ پریڈ کا شاندار مظاہرہ کیا اور اور بندوق کو گھمانے کی شاندار پرفارمنس دی اور شائقین سے بھر پور داد وصول کی ۔ اس موقع پر کیول کیڈ ، نیزہ بازی ، گھوڑا ناچ ، ڈاگ ریس اور پی ٹی شو کا مظاہرہ کیا - ملٹری پولیس کے جوانوں نے موٹر سائیکل پر دل موہ لینے والے کرتب پیش کئے خاص طو رپر جو کر کے کرتب کو بچوں نے بے حد سراہا ۔

وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ گیارہ سال بعد نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو کے دوبارہ انعقاد پر وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف مبارکباد کے مستحق ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ رینجرز کے جوانوں نے جو آئٹم پیش کئے ہیں وہ قابل دید اور متاثر کن ہیں ۔صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زندہ دلان لاہو رنے نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو میں شرکت کر کے پاکستان کے ساتھ محبت کا ثبوت دیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وقت کا تقاضاہے کہ ہم ایک مٹھی کی طرح اکٹھے ہو کر کام کریں ۔ انہوں نے کہا کہ سول و ملٹری ادارے اپنے اشتراک عمل سے ملک میں امن لے کر آئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ وہ وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ کے مشکور ہیں کہ وہ یہاں تشریف لائے۔ اس موقع پر وزیر اعلی سندھ کو صوبائی وزیر رانا مشہود احمد خان نے نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو کا سونیئر جبکہ خلیل طاہر سندھو نے تصاویری البم پیش کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں