عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے اربوں روپے کی لاگت سے صاف پانی پراجیکٹ شروع کیا جا رہا ہے،منصوبے کے تحت صاف پانی سہولت سینٹرز قائم ہوں گے، واٹر فلٹریشن پلانٹس چلانے کیلئے سولر پینلز لگائے جائیں گے، 2017ء تک پنجاب کی اکثریتی آبادی تک صاف پانی کی فراہمی کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، دیہی واٹر سپلائی سکیموں کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کراکرجنگی بنیادوں پر کام مکمل کیا جائے ، ،صاف پانی پراجیکٹ کو تیز رفتاری سے آگے بڑھایا جائے اور عملدرآمد کے دوران معیار پر خصوصی توجہ دی جائے، صاف پانی پراجیکٹ کے حوالے سے پنجاب کے تمام علاقوں کی جیو ٹیگنگ کی جائے،وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا پینے کے صاف پانی منصوبے بارے اجلاس سے خطاب

جمعہ 6 مارچ 2015 18:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔6 مارچ۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ صوبے کے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے اربوں روپے کی لاگت سے صاف پانی پراجیکٹ شروع کیا جا رہا ہے -منصوبے کے تحت 2017ء تک پنجاب کی اکثریتی آبادی تک پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ ابتدائی مرحلے میں لاہور، قصور، اوکاڑہ اور بہاولپور میں 307 واٹر فلٹریشن پلانٹس لگائے جائیں گے جس کا دائرہ کار مرحلہ وار پروگرام کے تحت پورے صوبے میں پھیلایا جائے گا۔

صوبے کے وسائل پر عوام کا حق ہے اور پنجاب حکومت صاف پانی پراجیکٹ جیسے فلاحی منصوبے شروع کر کے یہ حق انہیں لوٹا رہی ہے۔وہ جمعہ کو یہاں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں پنجاب صاف پانی پراجیکٹ پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں دیہی واٹر سپلائی سکیموں کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے اور پنجاب کے بارانی اور سیم زدہ علاقوں میں بند واٹر سپلائی سکیموں کی بحالی کی مشروط منظوری دی گئی۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ صاف پانی پراجیکٹ انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے جس کا براہ راست تعلق صحت عامہ سے جڑا ہوا ہے ۔وزیراعلیٰ نے دیہی واٹر سپلائی سکیموں کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے کی منظوری دیتے ہوئے ہدایت کی کہ تھرڈ پارٹی آڈٹ کا کام جنگی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔ بارانی و سیم زدہ علاقوں میں واٹر سپلائی سکیموں کی بحالی کا پروگرام شروع کرنے سے قبل تھرڈ پارٹی آڈٹ لازماً کرایا جائے اور اس بارے رپورٹ پیش کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ دیہی واٹر سپلائی سکیمو ں کے حوالے سے کمیونٹی تنظیموں کو فعال اور متحرک بنایا جائے اور کمیونٹی تنظیموں کا مثبت کردار نظر آنا چاہیئے۔ وزیراعلیٰ نے سیکرٹری ہاؤسنگ کو ہدایت کی کہ دیہی واٹر سپلائی سکیمو ں کی بحالی کیلئے جامع پلان تیار کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ صاف پانی پراجیکٹ کے حوالے سے پنجاب کے تمام علاقوں کی جیو ٹیگنگ کی جائے ۔

جیو ٹیگنگ کے عمل سے پنجاب کے ہر علاقے میں پینے کے صاف پانی کا درست اندازہ لگانے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہاکہ پنجاب صاف پانی پراجیکٹ کے تحت صاف پانی سہولت سینٹرز بھی قائم کئے جائیں گے اور واٹر فلٹریشن پلانٹس چلانے کیلئے سولر پینلز بھی لگائے جائیں گے۔ انہو ں نے کہا کہ اربوں روپے کا پینے کے صاف پانی کا منصوبہ عام آدمی کیلئے شروع کیا جا رہاہے اور انہوں نے کہا کہ منصوبے پر عملدرآمد کے دوران معیار پر خصوصی توجہ دی جائے۔

وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ منصوبے کو تیز رفتاری سے آگے بڑھایا جائے اور تمام متعلقہ محکمے مربوط کوآرڈینیشن کے ساتھ کام کریں۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے واٹر فلٹریشن پلانٹس کے منصوبے ، سیکرٹری ہاؤسنگ نے دیہی واٹر سپلائی سکیموں اور چیف ایگزیکٹو آفیسر صاف پانی کمپنی نے صاف پانی پراجیکٹ کے حوالے سے بریفنگ دی۔اجلاس میں صوبائی وزیر ہاؤسنگ تنویر اسلم ملک، چیئرپرسن صاف پانی کمپنی ایم پی اے ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات اور متعلقہ سیکرٹریز نے شرکت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں