نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو کے تیسرے روز قائمقام گورنر پنجاب رانا محمد اقبال مہمان خصوصی تھے

ہفتہ 7 مارچ 2015 16:34

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07مارچ۔2015ء) حکومت پنجاب کی زیر نگرانی رنگوں بھرا نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو پورے جوش و جذبے کے ساتھ جاری ہے - کل تیسرے روز کی تقریبات کے مہمان خصوصی قائمقام گورنر پنجاب رانا محمد اقبال تھے جبکہ صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین ، صوبائی وزیر معدنیات چوہدری شیر علی خان، چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری انفارمیشن ، سیکرٹری بلدیات اور دیگر اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

مہمان خصوصی فورٹریس سٹیڈیم پہنچے تو گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے طلبہ کے دستے نے میلے کی تقریبات شروع کرنے کی اجازت طلب کی۔بعد ازاں پاکستان کے تمام صوبوں سے آئے ہوئے بچوں اور بچیوں نے یونٹی ڈانس پیش کیا اور ملکرگراؤنڈ میں پاکستان کا خوبصورت نقشہ بنایا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گھوڑوں، اونٹوں اور میوشیوں کے کیول کیڈ نے حاضرین سے کافی داد وصول کی۔

بالخصوص نیلی راوی بھینس، کنڈی بھینس، ساہیوال، روجھان ، دھنی، بھاگناڑی نسل کی گائے، مندری، لوبھی، بچی، تھلی، کجلی اور کوہستان نمک کی بھیڑ، بیتل، انگورا، ٹیڈی، ہیری اور ناچی نسل کی بکریاں سامنے سے گزریں تو حاضرین نے زور زور سے تالیاں بجائیں۔ بارش کے باوجود لوگوں کا جوش و خروش دیدنی تھا۔کشمیر، گلگت بلتستان،خبیر پختونخوا،بلوچستان، سندھ اور پنجاب کے فلوٹ قومی یکجہتی کا مظہر تھے۔

ان کے ساتھ مقامی لوک رقص نے میلے کی رونق دوبالا کر دی-رینجرز اور آرمی کے بینڈ نے ملی نغموں کی دھنوں پر پریڈ کر کے خوبصورت سماں باندھ دیا جبکہ ڈاگ ریس اور فوج کے تربیت یافتہ کتو ں نے جلتی آگ کے دائروں میں سے گذر کر بچوں سے خوب داد وصول کی- اس موقع پر صوبائی وزیر معدنیات نے گورنر پنجاب کو محکمہ تعلقات عامہ کی جانب سے خوبصورت تصویری البم پیش کی۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں