الیکشن ٹریبونل نے این اے 125 کے انتخابی ریکارڈ کی نادرا سے تصدیق بارے درخواست کا فیصلہ 10 مارچ تک ملتوی کردیا

ہفتہ 7 مارچ 2015 16:48

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07مارچ۔2015ء ) الیکشن ٹریبونل نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 125 کے انتخابی ریکارڈ کی نادرا سے تصدیق سے متعلق درخواست کا فیصلہ 10 مارچ تک موخر کردیا۔الیکشن ٹریبونل میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 125 پر مبینہ دھاندلی سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران تحریک انصاف کے امیدوار حامد خان کی جانب سے موقف اختیار کیا کہ این اے 125 میں بڑے پیمانے پر جعلی ووٹ کاسٹ اور نتائج تبدیل کئے گئے، اس حوالے سے چند پولنگ اسٹیشنز کے ریکارڈ کی تصدیق نادرا سے کرائی گئی اور تحقیقات کے بعد دھاندلی بھی سامنے آئی لہذا پورے حلقے کے ریکارڈ کی نادرا سے تصدیق کرائی جائے۔

خواجہ سعد رفیق کے وکیل نے جوابی دلائل میں کہا کہ دھاندلی کے الزامات جھوٹے اور بے بنیاد ہیں۔ نادرا نے جن پولنگ اسٹیشنز کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی اس میں کہیں بھی دھاندلی کے شواہد نہیں ملے۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ 10مارچ تک موخر کردیا۔واضح رہے کہ این اے 125 پر مسلم لیگ (ن) کے خواجہ سعد رفیق نے تحریک انصاف کے حامد خان کو شکست دی تھی۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں