خواتین کوبااختیار بنائے بغیر ملک کو حقیقی ترقی اور خوشحالی کی منزل سے ہمکنار نہیں کیا جاسکتا‘پاکستان جمہوری اتحاد

موجودہ اورسابقہ حکومتوں نے خواتین کی فلاح وبہبودکیلئے دعوے تو بہت کئے مگران پرعملدرامد نہیں ہوسکا‘تقر یب سے خطاب

اتوار 8 مارچ 2015 16:01

لاہور((اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8مارچ۔2015ء)) پاکستان جمہوری اتحاد کے مرکزی صدر محمد جمیل نے کہا ہے کہ خواتین کوبااختیار بنائے بغیر ملک کو حقیقی ترقی اور خوشحالی کی منزل سے ہمکنار نہیں کیا جاسکتا،موجودہ اورسابقہ حکومتوں نے خواتین کی فلاح وبہبودکیلئے دعوے تو بہت کئے مگران پرعملدرامد نہیں ہوسکا،آج خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا خواتین کو سرکاری ونجی اداروں میں روزگارکے باعزت اور یکساں مواقع فراہم کرکے ملک سے بے روزگاری میں بھی کمی لائی جاسکتی ہے،خواتین کی فلاح وبہبود کیلئے قانون سازی اچھی بات ہے مگر قوانین پر عملدرآمد نہ ہونا باعث تشویش ہے،خواتین کوباعزت مقام دلانے کیلئے محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی کاوشوں کو آج بھی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ،پیپلز پارٹی کے سابقہ دور میں بھی خواتین کیلئے مناسب اقدامات اٹھائے گئے مگر موجودہ دور حکومت میں جن اقدامات کی توقع تھی وہ نہیں اٹھائے گئے،متعلقہ ادارے خواتین سے متعلق قوانین پر عمل نہیں کرتے،خواتین پر جنسی اور جسمانی تشدد کے واقعات میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے،پولیس مقدمات درج نہیں کرتی ، ملازمت پیشہ خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کیا جاتا ہے،زمیندار ، وڈیرے اور بااثر افراد خواتین کی عصمت دری کو اپنا حق سمجھتے ہیں ،خواتین پر تیزاب پھینکنے کے واقعات بھی معاشرے کیلئے لمحہ فکریہ ہیں، پیٹ کی آگ بھجانے کیلئے اینٹوں کے بھٹوں پر مزدوری کرنیوالی خواتین کاطرز زندگی حکومتوں کیلئے باعث ندامت ہے، انہوں نے مزید کہا حکومت اورمعاشرے کی یہ اجتماعی ذمہ داری ہے کہ خواتین کوباقارمقام دیاجائے اور انہیں باعزت روزگار کے یکساں مواقع فراہم کئے جائیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں