حکومت سپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق ستمبر میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول اعلان کرے‘ کامران سیف

پیر 9 مارچ 2015 13:18

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09مارچ۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ (ق) لاہور کے جوائنٹ سیکرٹری میاں کامران سیف نے کہا ہے کہ بلدیاتی اداروں کے بغیر جمہوریت ادھوری ہے ،مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے سالہا سال سے پنجاب کی عوام کو جمہوریت کے ثمرات سے محروم کررکھا ہے ،عوام کو روٹی اور بجلی میسر نہیں مگر حکمران ہارس اینڈ کیٹل شو منعقد کرکے قوم کا اربوں روپیہ ضائع کررہے ہیں ،پل اور جنگلہ بس چلا کر عوام کی خدمت کے دعویٰ کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق ستمبر میں بلدیاتی انتخاب منعقد کروانے کیلئے بلدیاتی انتخابات کا شیڈول اعلان کرے ۔کیونکہ نچلی سطح پر عوامی نمائندے موجود نہ ہونے سے عوام پریشانی کا شکار ہیں ۔میاں کامران سیف نے کہا کہ ن لیگ جب سے پنجاب میں برسر اقتدار آئی ہے بلدیاتی انتخاب کروانے سے گریزاں ہے کبھی پنجاب اسمبلی سے قانون سازی کرکے اور کبھی مردم شماری ،حلقہ بندیوں کی آڑ میں بلدیاتی انتخابات کو مسلسل زیر التوا رکھا ہوا ہے اس سلسلے میں سپریم کورٹ کے واضح احکامات کو بھی نظر انداز کیا جارہا ہے کیونکہ ن لیگ اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کرنے میں ہچکچا رہی ہے ۔

(جاری ہے)

نچلی سطح ترقیاتی کام نہ ہونے سے عوام اپنے کاموں کے سلسلہ میں پریشان ہیں اس لیے فی الفور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کیا جائے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں