”دہشت گردی کے خاتمہ میں علماء و مشائخ کا کردار“ کے عنوان سے سیمینار کل ہو گا

پیر 9 مارچ 2015 17:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09مارچ۔2015ء) منہاج القرآن علماء کونسل کے زیر اہتمام مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ”دہشت گردی کے خاتمہ میں علماء و مشائخ کا کردار“ کے عنوان سے سیمینار کل(منگل) کو ہو گا ۔سیمینار میں تحریک منہاج القرآن کے مرکزی امیر صاحبزادہ فیض الرحمان درانی،ناظم علماء کونسل علامہ سید فرحت حسین شاہ،پیر غلام قطب الدین فریدی،مفتی محمد اقبال چشتی(صدر اہلسنت پنجاب) مولانا ارشد القادری،مفتی حسیب قادری،علامہ میر آصف اکبر کے علاوہ جید علمائے اور مشائخ عظام کی کثیر تعداد شرکت کرے گی۔

پروگرام کی تیاریوں کے حوالے سے انتظامی کمیٹیوں سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ سید فرحت حسین شاہ نے کہا کہ ملک میں امن و امان کی صورتحال بے حد تشویشناک ہے۔

(جاری ہے)

آئے روز معصوم اور بے گناہوں کا خون بہایا جا رہا ہے ۔قاتل گرفتار ہوتے ہیں نہ ذمہ داران کو سزا دی جاتی ہے ۔وفاقی و صوبائی حکومتیں شہریوں کے جان و مال کے تحفظ میں ناکام ہو چکی ہیں۔انہوں نے کہا کہ انسانی جانو ں کو بے وقعت کرنے والوں کو نہ کوئی پکڑتا ہے اور نہ کوئی پوچھتا ہے ۔

عام شہریوں کے ساتھ ساتھ علمائے دین کے قتل کے واقعات کو محض فرقہ ورانہ فسادات کا تسلسل قرار دیکر حکومت اپنی ذمہ داریوں سے عہدا برآں نہیں ہو سکتی ۔علامہ سید فرحت حسین شاہ نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ مذہبی،سیاسی و سماجی رہنماؤں کے قتل کے ساتھ ساتھ دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ میں جاں بحق ہونے والے دیگر معصوم شہریوں کے قاتلوں تک بھی پہنچا جائے اور انہیں سخت سے سخت ترین سزا دی جائے ،اس حوالے سے آج ہونے والا سیمینارایک اہم سنگ میل ثابت ہو گا ۔

پورے ملک میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات کی روک تھا م کیلئے علمائے کرام کی ذمہ داریوں پر بھی غور کیا جائیگا۔سیمینار میں تمام فرقوں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے کیلئے اقدامات کرنے پر بھی تجاویز دی جائیں گی ۔انہوں نے کہا کہ سیمینار میں اس امر پر بھی زور دیا جائے گا کہ علمائے کرام لوگوں کے درمیان اختلافات کے پہلوؤں پر بحث کی بجائے اتفاق و اتحاد اور دہشت گردی کے خاتمے پر غور کریں۔حالات کا تقاضا ہے کہ تمام مسالک سے تعلق رکھنے والے علما مل بیٹھیں اور ملکی حالات کو بہتر کرنے کیلئے تجاویز دیں تا کہ دہشت گردوں اور انتہاپسندوں کا خاتمہ کر کے ملکی تعمیرو ترقی کیلئے مل کر آگے بڑھنے کے راستے تلاش کئے جا سکیں ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں