یو بی جی نے مبینہ طور پر ایف پی سی سی آئی کے سٹاف کو ہراساں اور فنڈز کا ناجائز استعمال شروع کر دیا ہے‘مرتضیٰ مغل

جمعرات 12 مارچ 2015 15:16

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12مارچ۔2015ء) پاکستان اکانومی واچ کے صدر ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا ہے کہ یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی)نے اپنے دعوؤں کے برعکس مبینہ طور پر ایف پی سی سی آئی کے سٹاف کو ہراساں اور فنڈز کا ناجائز استعمال شروع کر دیا ہے،ایف پی سی سی آئی کے ہیڈ آفس میں بے یقینی عروج پر ہے جہاں سٹاف کولیبر قوانین کی خلاف ورزی میں رات بارہ بجے تک بغیر اوور ٹائم یا کسی اضافی سہولت کے کام پر مجبور کیا جاتاہے ، تمام ملازمین کو روز رات گیارہ سے بارہ بجے تک انٹرنیٹ پر ایف پی سی سی آئی کے صدر کا خطاب بھی سننا بڑتا ہے جس میں انکی اپنی تعریفوں کے علاوہ کچھ نہیں ہوتا۔

ایف پی سی سی آئی کے سابق صدر زکریا عثمان اور اہلکاروں کے مطابق اعلیٰ عہدوں پر فائز افسران کو معمولی کام کرنے پر مجبور اور مستقل ملازمین کی موجودگی میں انکی آسامیوں کے اشتہار شائع کر کے ذہنی اذیت دی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

ایف پی سی سی آئی کے صدر کے دفتر کے منیجر کو ریسپشنسٹ اور کئی دیگر افسران کو عبرت کا نمونہ بنا دیا گیا ہے جبکہ خواتین سے بدسلوکی اور دیگر حربے استعمال کئے جا رہے ہیں۔

تمام فیصلے فیصل آباد کا ایک بزنس گروپ ڈکٹیٹ کروا رہا ہے جبکہ نائب صدور کو عضو معطل بنا کر رکھ دیا گیا ہے جن سے فیصلوں میں رائے تک نہیں لی جاتی۔ادارے کے وسائل کو وفاداریاں خریدنے،دوستوں کی تواضع اور یونائیٹڈ بزنس گروپ کا ووٹ بینک بڑھانے کیلئے لٹایا جا رہاہے۔ ایف پی سی سی آئی کی گاڑیاں ان افراد کی خدمت کیلئے وقف ہیں جنھیں اس ادارے کی موٹر سائیکل استعمال کرنے کا بھی اختیار نہیں۔

یو بی جی کی قیادت نے الیکشن سے قبل بزنس مین پینل پر جو الزامات لگائے گئے تھے ان تمام کا ریکارڈ توڑ ا جا رہا ہے جو سسٹم نہیں بلکہ چہروں کی تبدیلی ہے۔ایف پی سی سی آئی کے عملہ نے وزارت تجارت اور دیگر متعلقہ اداروں ایف پی سی سی آئی کی بلڈنگ اور اسلام آباد چیمبر کے ڈسپلے سینٹر کی تعمیر میں کروڑوں کے گھپلے کرنے والے یو بی جی کے تاجر رہنماؤں کے احتساب اور موجودہ دگرگوں صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں