طلباء و طالبات کو روزگار کی فراہمی کے لئے بزنس سنٹرز کے قیام کا اعلان

جمعرات 12 مارچ 2015 19:39

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار . 12 مارچ 2015ء) پروموشن فار ایجوکیشن ان پاکستان فاونڈیشن نیو یارک، ہائر ایجوکیشن کمیشن اور یونیورسٹیوں کے تعاون سے ذہین اور تخلیقی صلاحیتوں کے حامل طلباء و طالبات کو ان کے منظور شدہ آئیڈیازپر اپنا کاروبار شروع کرنے کے لئے سٹوڈنٹس سٹارٹ اپ بزنس سنٹر قائم کر کے فنڈنگ فراہم کی جائے گی۔ اس بات کا اعلان پنجاب یونیورسٹی انسٹی ٹیوٹ آف سوشل اینڈ کلچرل سٹڈیز کے زیر اہتمام منعقدہ نیشنل فورم آن ہائر ایجوکیشن 2015 میں کیا گیا۔

تقریب میں چئیرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد، وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مجاہد کامران، صدر پیپ فاونڈیشن نیو یارک ڈاکٹر خالد اقبال، ڈین فیکلٹی آف بیہوریل اینڈ سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر ذکریا ذاکر اور مختلف سرکاری و نجی یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مختار احمد نے کہا کہ طلباء و طالبات کو خود سے روزگار کے مواقع فراہم کرنے کا ڈاکٹر خالد اقبال کا آئیڈیا منفرد ہے جسے ہائیر ایجوکیشن کمیشن پاکستان مکمل طور پر سپورٹ کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ صنعتوں اور یونیورسٹیوں کے درمیان فاصلے کم سے کم ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ ہائرایجوکیشن کمیشن کے قیام کی وجہ سے پاکستانی یونیورسٹیوں کی رینکنگ میں اضافہ ہو رہا ہے اور یونیورسٹیوں میں تحقیق کے کلچر کو فروغ ملا ہے گزشتہ سال پاکستانی محققین کے 8 ہزار تحقیقی مقالہ جات اعلیٰ تحقیقی جرائد میں شائع ہوئے ہیں مگر اب سوچنا ہے کہ ہماری تحقیقات سے معاشرے کے مسائل بھی حل ہو رہے ہیں یا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایسے تحقیقاتی منصوبے جو معاشرے کے مسائل حل کریں ان کی فنڈنگ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی چاہتے ہیں تو فاٹا سمیت پورے ملک میں ہر بچے کو تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کرنا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال حکومت نے وعدے کے مطابق ہائر ایجوکیشن کمیشن کو پورے پیسے فراہم کئے اور ہمیں سیاسی قیادت کی حمایت حاصل ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مجاہد کامران نے کہا کہ ڈاکٹر خالد اقبال کی جانب سے سٹوڈنٹس سٹارٹ اپ بزنس سنٹر کے قیام کا آئیڈیا قابلِ تحسین ہے اس میں ہائر ایجوکیشن کمیشن اور یونیورسٹیوں کے تعاون سے اس منفرد منصوبے کو تقویت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر مختار احمد محدود فنڈز کے باوجود ایچ ای سی کے معاملات بہترین انداز میں چلا رہے ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد اقبال نے کہا کہیونیورسٹیاں بڑی تعداد میں گرایجوایٹ پیدا کر رہی ہیں مگر روزگار کے حصول کے لئے طلباء و طالبات کو مسائل کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سٹوڈنٹ سٹارٹ اپ بزنس سنٹرز کے تحت ذہین طلباء و طالبات کو موقع دیں گے کہ خود ملازم بننے کی بجائے اپنے پراجیکٹس شروع کر کے دوسروں کے لئے ملازمت کے مواقع پیدا کریں۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کے تحت 30 یونیورسٹیوں نے دلچسپی کا اظہار کیا ہے منصوبے کے تحت 5 سے 10 ایوارڈ دئیے جائیں گے ہر ایوار کی رقم 6 ملین روپے ہو گی جس میں 2 ملین روپے پیپ فاونڈیشن نیو یارک، 2 ملین روپے ہائر ایجوکیشن کمیشن اور 2 ملین روپے متعلقہ یونیورسٹی کی جانب سے فراہم کئے جائیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں