جماعةالدعوة پاکستان کا یوم پاکستان کے موقع پر ملک بھر میں نظریہ پاکستان مارچ، ریلیوں، جلسوں اور کانفرنسوں کے انعقاد کا اعلان

جمعرات 12 مارچ 2015 21:31

لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار . 12 مارچ 2015ء) جماعةالدعوة پاکستان نے 23مارچ کو یوم پاکستان کے موقع پر ملک بھر میں نظریہ پاکستان مارچ، ریلیوں، جلسوں اور کانفرنسوں کے انعقاد کا اعلان کر دیا۔لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، کراچی و دیگر شہروں میں”نظریہ پاکستان ہی بقائے پاکستان ہے“ کے عنوان کے تحت بڑے پروگرام ہوں گے جن میں لاکھوں افراد شرکت کریں گے۔

نظریہ پاکستان کے حوالہ سے منعقدہ پروگراموں میں ملک بھر کی تمام مذہبی، سیاسی و کشمیری جماعتوں کو شریک کیاجائے گا۔ اس امر کا فیصلہ امیر جماعةالدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید کی زیر امارت مرکز القادسیہ چوبرجی میں ہونے والے جماعةالدعوة کے مرکزی، زونل و ضلعی ذمہ داران کے ایک اجلاس میں کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر جماعةالدعوة کے مرکزی رہنما پروفیسر ظفر اقبال، مولانا امیر حمزہ،مولانا سیف اللہ خالد، مفتی عبدالرحمن عابد،مولانا نصر جاوید، قاری محمد یعقوب شیخ،انجینئر نوید قمر، مولانا ابو الہاشم، حافظ خالد ولید ودیگر بھی موجود تھے۔

اجلاس کے دوران حافظ محمدسعید نے پانچوں صوبوں و آزاد کشمیر کے ذمہ داران کو ہدایات جاری کی ہیں کہ 23مارچ کو پورے ملک میں نظریہ پاکستان کے تحفظ کیلئے پروگراموں کا انعقاد کیا جائے تاکہ دوقومی نظریہ کے تحفظ کا عہد اور وطن عزیزپاکستان کے خلاف سازشوں کا توڑ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہاکہبھارت نے پاکستان کے وجود کو کبھی دل سے تسلیم نہیں کیا۔

معاشی مسائل کی اہمیت اپنی جگہ لیکن ہمیں ان سازشوں سے بھی کسی صورت بے خبر نہیں رہناچاہیے۔ اللہ کے دشمن ملکوں و معاشروں پر مسلط ہیں اورمنظم سازشوں و منصوبہ بندی کے تحت مسلمانوں کو آپس میں لڑایا جارہا ہے۔قوم کو متحد و بیدار کر کے ان سازشوں کا پوری قوت سے مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے۔ ملک واسلام دشمن عناصر کی خوفناک سازشوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم پورے ملک کے کونے کونے میں احیائے نظریہ پاکستان مہم چلارہے ہیں تاکہ لوگوں کو قیام پاکستان کے حقیقی مقاصد سے آگاہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ جب پاکستان بنا تھا تو پوری قوم پاکستان کا مطلب کیا‘ لاالہ الااللہ کے نعرہ پر متحد ہو ئی جس سے فرقہ واریت ختم ہو گئی اور کمزور پاکستان ایک طاقتور ملک کے طور پر دنیا کے سامنے آیا۔اس وقت بھی جب وطن عزیز پاکستان سنگین مسائل سے دوچار ہے۔ لوگوں میں شدید مایوسی و بے چینی پائی جاتی ہے اور مسائل کا کوئی حل نظر نہیں آرہا۔

انہیں یہ بات سمجھانے کی ضرورت ہے کہ جب تک ہم پاکستان کے اسی بنیادی نظریہ پر ایک پھر سے عمل پیرا نہیں ہوں گے ملک کو درپیش مسائل کا حل ممکن نہیں ہے۔حافظ محمد سعید نے کہاکہ ملک بھر کی مذہبی و سیاسی جماعتیں کلمہ طیبہ کی بنیاد پر لاکھوں جانوں کا نذرانہ پیش کر کے حاصل کئے جانے والے ملک کی بنیادوں کو کھوکھلا کرنے کی سازشوں کو متحد ہو کر ناکام بنائیں اور نوجوان نسل کو نظریہ پاکستان اور قیام پاکستان کے مقاصد سے آگاہ کیاجائے تاکہ وہ اسلام اور پاکستان کے دفاع کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کر سکے۔

انہوں نے کہاکہ 23مارچ کو پاکستان بنانے کی قرارداد منظور کی گئی تھی اور پھر مسلمانوں نے دو قومی نظریہ کی بنیاد پر لاالہ الااللہ کا نعرہ بلندکیا اور اس بات کا اعلان کیا کہ مسلمانوں اور ہندوؤں کے عقیدے، رہن سہن اور کلچر و ثقافت الگ الگ ہیں وہ کسی صورت اکٹھے نہیں رہ سکتے ۔ اس مقصد کیلئے لاکھوں مسلمانوں نے قربانیاں پیش کیں اور پاکستان کے نام سے الگ خطہ حاصل کیا مگر افسوسناک بات یہ ہے کہ آج قیام پاکستان کے مقاصد کو بھلا دیا گیا ہے۔

پاکستان کا مطلب کیا لاالہ الااللہ کا نعرہ نوجوان نسل کے ذہنوں سے نکالنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ بھارت سرکار نے شروع دن سے پاکستان کے وجود کو تسلیم نہیں کیا اور ہمیشہ پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کوشش کی ہے۔ خاص طور پر پچھلے چند برسوں میں انڈیا نے خطہ میں امریکہ کی موجودگی سے بہت فائدے اٹھائے ہیں۔ ملک میں ہونے والی دہشت گردی وتخریب کاری میں بھارت سرکار ملوث ہے اور پاکستانیوں کو گروہ بندیوں میں تقسیم کرنے کی خوفناک سازشیں کی جارہی ہیں۔ ان حالات میں ضرورت اس امرکی ہے کہ قوم کو بیرونی سازشوں کے مقابلہ کیلئے متحد و بیدار کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں