خادم اعلیٰ شہباز شریف کوئٹہ میں امراض قلب کا ہسپتال بنانے کا وعدہ پورا کریں‘ عبدالقیوم کاکڑ،

پنجاب بڑے بھائی کا کردار ادا کرتے ہوئے جلد از جلد ہسپتال کی تعمیر کا آغاز کرے‘ رہنما جماعت اسلامی بلوچستان

جمعرات 12 مارچ 2015 23:20

لاہور ( اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار . 12 مارچ 2015ء) جماعت اسلامی بلوچستان کے رہنماء حاجی عبدالقیوم کاکڑ نے وزیر اعلیٰ شہباز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بلوچستان کے عوام کو امراض قلب کا ہسپتال بنا کردینے کا اپنا وعدہ پورا کریں ،بلوچستان کے عوام وزیر اعلیٰ پنجاب سے ایفائے عہد کی امید لگائے بیٹھے ہیں ۔لاہور پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے حاجی عبدالقیوم کاکڑ نے کہا کہ شہباز شریف نے 6سال قبل کوئٹہ کے دورہ کے موقع پر بلوچستان کے عوام کو پنجاب کے عوام کی طرف سے امراض قلب کا ہسپتال تحفہ میں دینے کا وعدہ کیا تھا اور یقین دلایا تھا کہ بہت جلد کوئٹہ میں جدید سہولیات سے آراستہ ہسپتال تعمیر کیا جائے گا جس میں دل کی تمام بیماریوں کا علاج ہوگا اور بلوچستان کے پسماندہ اور دور دراز علاقوں سے لوگوں کو دل کی بیماریوں کے علاج کیلئے کراچی اور لاہور نہیں جانا پڑے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے اس اعلان اور وعدے کا بلوچستان کے عوام نے خیر مقدم کرتے ہوئے خوشی اور مسرت کا اظہار کیا تھا ،وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے اپنے اعلان میں یہ بھی کہا تھا کہ ہسپتال کی تعمیر سے دونوں صوبوں کے عوام ایک دوسرے کے قریب آئیں گے اور بھائی بندی میں اضافہ ہوگا۔حاجی عبدالقیوم کاکڑ نے کہا کہ 6سال بعد تک بھی وزیر اعلیٰ پنجاب نے اپنا وعدہ پورا نہیں کیا ۔

بار بار کی یاد دہانیوں کے باوجود ابھی تک وزیر اعلیٰ کی طرف سے ہسپتال کی تعمیر کے سلسلہ میں کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی جس سے بلوچستان کے عوام کے اندر ایک مایوسی اور ناامیدی پیدا ہورہی ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ پنجاب بڑے بھائی کا کردار ادا کرتے ہوئے جلد از جلد ہسپتال کی تعمیر کا آغاز کرے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب نے چھوٹے صوبوں کے ساتھ ہر آزمائش میں بھرپور تعاون کیا ہے خاص طور پر قلعہ سیف اللہ کیڈٹ کالج کی تعمیر اور طلبہ کو سکالر شپ دینے میں وزیر اعلیٰ نے بڑی محبت اور شفقت کا اظہار کیا تھا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں