حکمران طبقہ اپنی کرتوتوں اور لوٹ مار کی وجہ سے روز بروز عوام میں غیر مقبول ہوتاچلاجارہاہے ‘لیاقت بلوچ،

2013 ء کے انتخابات کے دوران حکومت کے منشور اور دعوے کچھ اور تھے کامیابی حاصل کر لینے کے بعد عمل کچھ اور ہے‘سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ

جمعہ 13 مارچ 2015 19:12

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13مارچ۔2015ء) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ حکمران طبقہ اپنی کرتوتوں اور لوٹ مار کی وجہ سے روز بروز عوام میں غیر مقبول ہوتاچلاجارہاہے ، 2013 ء کے انتخابات کے دوران منشور اور دعوے کچھ اور تھے کامیابی حاصل کر لینے کے بعد عمل کچھ اور ہے ، جھوٹ کی بنیاد پر حاصل کی گئی کامیابی سے حکمران کبھی بھی عوام کے اندر مقبولیت حاصل نہیں کرسکتے ، اگر حکمران طبقہ لوٹ مار کی پالیسی پر عمل پیرا رہا تو وہ دن دور نہیں جب حکمرانوں کا گریبان اور عوام کاہاتھ ہوگا ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے مسجد دارالامان قصور میں خطبہ جمعہ اور مقامی میرج ہال میں معززین شہر اور صحافیوں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی حافظ ساجد انور ، نائب امیر جماعت اسلامی پنجاب وقار ندیم وڑائچ ، حزب المجاہدین کے ڈپٹی کمانڈر مولانا جاوید قصوری و دیگر بھی موجود تھے ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ اس ملک اور عوام کے تمام مسائل کا حل صرف قرآن پاک کے اندر موجود ہے جبکہ حکمران طبقہ قرآن و سنت کے نظام سے انحراف کر کے اسلام و ملک دشمن قوتوں اور عالمی مالیاتی اداروں کی پالیسیاں نافذ کر کے ان کے اندر سے مسائل کا حل ڈھونڈ رہاہے ۔

قیام پاکستان سے لے کر آج تک استعماری قوتوں اور عالمی مالیاتی اداروں کی پوری کوشش ہے کہ پاکستان کسی بھی طرح خوشحال اور ترقی کی راہ پر گامزن نہ ہو سکے ۔ انہوں نے کہاکہ عالمی قوتیں اسلامی ممالک کے اندر کشمکش پیدا کر کے صلیبی جنگوں کی آڑمیں مسلمان ممالک کے وسائل پر قبضہ کر کے اپنا اسلحہ فروخت کر رہی ہیں ۔ آج امریکہ کا سرمایہ دارانہ نظام مکمل طور پر فیل ہوچکاہے اس کے بینک تیزی سے دیوالیہ ہوتے جارہے ہیں اس لیے اب اس نے اپنی ڈوبتی کشتی کو سہارادینے کے لیے دہشتگردی کے خاتمہ کی آڑ میں مسلمان ممالک کو اسلحہ فروخت کر رہاہے ۔

انہوں نے کہاکہ اسلام میں مذہبی بنیاد پر ایک دوسرے کو قتل کرنا جائز نہیں جو لوگ مذہب اور مسلک کی بنیاد پر ایک دوسرے کو قتل کررہے ہیں ان عناصر کا اسلام کے ساتھ کوئی تعلق نہیں بلکہ یہ اغیار کے ایجنڈے پر عمل کر کے ملک میں بدامنی پھیلارہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت ملک میں سب سے بڑی دہشتگرد جماعت متحدہ قومی موومنٹ ہے جس نے پاکستان کو معاشی طور پر کمزور کرنے کے لیے گزشتہ کئی دہائیوں سے کراچی کے اندر قتل و غارت ، بھتہ خوری اور بدامنی پھیلا رکھی ہے ۔

افسوس کہ پی پی پی ، مسلم لیگ ن نے ہر دور میں اپنی کرسی اقتدار کو مضبوط کرنے کے لیے ان کو کھلی چھٹی دی ۔ گیارہ مارچ کے دن ایم کیو ایم کے ہیڈکوارٹر پر رینجرز کے چھاپے کے دوران اتنی بڑی تعداد میں خطرناک اسلحہ کی برآمدگی اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ ملک دشمن طاقتوں اور ایم کیو ایم کا ایجنڈا ایک ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی شروع دن سے ہی پاکستان میں قرآن و سنت کے نفاذ اور اسلام و ملک دشمن طاقتوں کے عزائم کے خلاف برسرپیکار ہے ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں