معیاری اشیاء ضروریہ کی مناسب نرخوں پر فروخت اور عوام کو ریلیف کی فراہمی متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے ، عوام کے مفادات کا ہر صورت تحفظ کیا جائے گا،۔ عوام کا حق ہر صورت انہیں دلایا جائے گا، گھی اور دیگر اشیائے ضروریہ کی مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے،

وزیراعلیٰ شہباز شریف کا ویڈیو لنک کے ذریعے پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس سے خطاب

جمعہ 13 مارچ 2015 19:56

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13مارچ۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ معیاری اشیاء ضروریہ کی مناسب نرخوں پر فروخت اور عوام کو ریلیف کی فراہمی متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے ۔اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ عوام کے مفادات کا ہر صورت تحفظ کیا جائے گا اور کسی کو بھی مفاد عامہ کے خلاف کوئی اقدام کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔

عوام کا حق ہر صورت انہیں دلایا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے ویجیٹیبل آئل ، گھی اور دیگر اشیائے ضروریہ کی مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ مفاد عامہ کے خلاف کوئی اقدام برداشت نہیں کیا جائے گا اورمصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار آج یہاں ویڈیو لنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ میں صوبائی پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے کے عوام کے مفادات کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے جسے وہ ہر طریقے سے نبھائے گی۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی کا فائدہ براہ راست عوام تک منتقل کرنے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے اور معیاری اشیائے ضروریہ کی سستے داموں فراہمی کیلئے وضع کردہ پلان پر عملدرآمد جاری رکھا جائے۔ ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کسی صورت قابل قبول نہیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ مقررکردہ نرخوں سے زائد پر اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ تمام کمشنرز، ڈی سی اوز اور متعلقہ حکام عوام کو ریلیف کی فراہمی کے حوالے سے موثر اقدامات اٹھائیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی میں کوئی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کروں گا۔ ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف قانون کے تحت بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام الناس کی آگاہی کے لیے دوکانوں پر مناسب جگہوں پر ریٹ لسٹ آویزاں ہونی چاہیے تاکہ کوئی زائد نرخ وصول نہ کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ معیاری اشیائے ضروریہ کی وافر فراہمی کیلئے چیکنگ اور مانیٹرنگ کے نظام پر عملدرآمد جاری رہنا چاہیئے۔ صوبائی وزراء بلال یاسین، ڈاکٹر فرخ جاوید، ایم پی اے رانا ثناء اللہ، چیف سیکرٹری،متعلقہ سیکرٹریز ، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈی سی او لاہور اور متعلقہ حکام نے ویڈیو لنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ سے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں