لاہور کے زندہ دلان اپنے کپتان کا ہر بار والہانہ استقبال کرینگے ‘عبدالعلیم خان ،

کارکنوں کو کنٹونمنٹ کے علاقوں میں سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت ،پی ٹی آئی کامیاب ہو گی

ہفتہ 14 مارچ 2015 23:05

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14مارچ۔2015ء) تحریک انصاف ضلع لاہور کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی آزادی بس کی لاہور آمد کے اعلان سے کارکنوں کے جوش و خروش میں اضافہ ہوا ہے اور زندہ دلا ن لاہور اپنے کپتان اور قومی ہیرو کا شہر میں والہانہ استقبال کرینگے ،مینار پاکستان پر کامیاب جلسوں کی ہٹ ٹرک کرنے والے شہریوں کو عمران خان کا شدت سے انتظار ہے موجودہ حکمرانوں کی نااہلیت کا بھانڈہ پھوٹ چکا ہے ،جو ڈیشنل کمیشن نہ بنانا سیاسی بددیانتی اور حقائق سے فرار ہے ،تحریک انصاف نے اپنا جمہوری اور آئینی حق استمعال کیا ہے ۔

عبدالعلیم خان پی پی 156کینٹ ٹاؤن کے تنظیمی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ،انہوں نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ کنٹونمنٹ کے علاقوں میں پارٹی سرگرمیاں تیز کریں اور اپریل کے آخر میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کیلئے مربوط حکمت عملی کے تحت کام کیا جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے یونین کونسل کی سطح پر پارٹی بورڈ کی تشکیل کی منظوری دی جنھیں پارٹی ٹکٹ سے پہلے بلدیاتی امیدوار درخواستیں دیں گے ۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ دن بدن تحریک انصاف میں نوجوانوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے اور جب بھی میدان سجا لاہور شہر عوامی سونامی کا نیا منظر نامہ پیش کرے گا ،انہوں نے کہا کہ عمران خان نے تمام قومی امور پر دو ٹوک اور بہادرانہ موقف اختیار کیا ہے اسی لیئے "سٹیٹس گو"کی تمام قوتیں پی ٹی آئی کے خلاف اکھٹی ہو گئی ہیں لیکن انشاء اللہ عوامی پذیرائی تحریک انصاف کو ہی حاصل ہو گی ۔اس مو قع پر شعیب صدیقی ،اویس یونس ،محمد شاہد ،محمد تیمور اختر ،عنائت علی اعوان،عابد حسین انصاری ،محمد ندیم،محمد صداقت ،محمد ایوب، مظہر حسین قریشی ،ابرار حسین ،ناصر شاہد لودھی ،شاکر محمود ،خادم حسین ،بیگم نجمہ حلیم ،روبینہ جمیل اور منزہ رشید موجود تھے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں