سانحہ یوحنا آباد مسلم مسیحی فسادات کرانے کی سازش تھا ،مسلم سکالرز اورمسیحی رہنماؤں نے دانشمندی سے ناکام بنا دیا‘ خواجہ سعد رفیق

منگل 17 مارچ 2015 17:02

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17مارچ۔2015ء) وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ سانحہ یوحنا آباد مسلم مسیحی فسادات کرانے کی سازش تھا جسے مسلم سکالرز اورمسیحی رہنماؤں نے اپنی دانشمندی اور تدبر سے ناکام بنا دیا ،اسلام آباد‘ کراچی کے درمیان جدید سہولتوں سے آراستہ نان سٹاپ ٹرین چلانے کا فیصلہ کیا ہے جو رواں سال مئی کے پہلے یا دوسرے ہفتے میں ٹریک پر آ جائیگی،ریلویز پولیس کی تنخواہیں صوبوں کی پولیس کے برابر لانا چاہتے ہیں وفاقی حکومت کو اضافے کی تجویز کی سمری بھجوا دی ہے اور امید ہے کہ تنخواہوں میں20فیصد اضافے کی منطوری دیدی جائے گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور ریلوے اسٹیشن پر دس نئی پاور وینز کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

خواجہ سعد رفیق نے بتایا کہ ہمارے آنے سے قبل پورے سسٹم میں صرف 27پاور وینز تھیں ریلوے کے صنعتی کاروں اور مینجمنٹ کی کاوشوں سے اب تک 37پاور وینز سسٹم میں آچکی ہیں جبکہ 31مارچ تک اس میں مزید 10پاور وینز کا اضافہ ہو جائے گا جس سے انکی مجموعی تعداد بڑھ کر 74ہو جائے گی ۔

ا س سے قبل مسافر ٹرینوں میں ائیر کنڈیشنڈ ،پنکھوں اور لائٹوں کے نہ چلنے کی شکایات عام تھیں لیکن اب انہیں دور کر لیا گیا ہے ،موسم سر گرما دوبارہ سر پر آگیاہے جسکی ہم نے بھرپو تیاری کر لی ہے ۔ انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ پاکستان ریلویز نے اسلام آباد‘ کراچی کے درمیان جدید سہولتوں سے آراستہ نان سٹاپ ٹرین چلانے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے اور آئندہ ایک دو روز تک اس کا نام تجویز کر دیا جائے گا اور امید ہے کہ مئی کے پہلے یا دوسرے ہفتے میں اسے آپریشنل کر دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ میں ایک مرتبہ پھر بتانا چاہتا ہوں کہ پاکستان ریلویز فریٹ کے شعبے ترقی کی جانب گامزن ہے جب ہم آئے تھے تو اس وقت سسٹم میں 7سے 8لوکو موٹیو تھے لیکن اب انکی تعداد بڑھ کر 80تک پہنچ چکی ہے اور اس سے محکمے کی آمدنی میں بھی اضافہ ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے ملازمین کی تنخواہوں سے طویل عرصے سے پانچ فیصد کٹوتی کی جارہی تھی لیکن محکمے کے مالی حالات ٹھیک نہ ہونے کی وجہ سے انہیں اسکے عوض ریٹرن نہیں کیا جارہا تھا ،پی ایس ڈی بی میں تیس کروڑ رکھے گئے ہیں جس سے ریلوے ملازمین کے کواٹرز کی مرمت اور نئی رہائشگاہیں تعمیر کی جائیں گی ، ملازمین کیلئے بڑے بڑے گھر بنا کر دینے کا پاکستان اور نہ ہی ریلوے متحمل ہو سکتا ہے اس لئے اپارٹمنٹس اور فلیٹس بنائے جائیں گی اور اس تناظر میں جگہ کی نشاندہی کی جارہی ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ ریلوے پولیس کی تنخواہوں میں اضافہ کرکے اسکے صوبائی حکومت کے برابر لانا چاہتے ہیں اس کے لئے وفاقی حکومت کو اضافے کی تجویز بھیجی ہے اور امید ہے کہ وفاق کی طرف سے 20فیصد اضافے کی منظوری دیدی جائے گی ۔انہوں نے مزید بتایا کہ ہم نے ریلویز میں 100کانسٹیبلز کی آسامیوں سے سرنڈر کر دیا ہے اور اب انکی جگہ 49اے ایس آئیز اور 20انسپکٹرز بھرتی کئے جارہے ہیں جنہیں فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے ذریعے لیا گیا اور انسپکٹرز کو بھرتی کے بعد 20حساس تھانوں میں تعینات کیا جائے گا ۔

انہوں نے بتایا کہ ریلوے پولیس کو جدید آلات اور ہتھیاروں سے لیس کرنے کیلئے ایک ارب روپے کے منصوبے بنائے ہیں جس میں سے 40کروڑ کی منظوری مل گئی ہے اس سے ریلویز پولیس کو نہ صرف جدید اسلحہ سے لیس کیا جائے گا بلکہ دہشتگردی روکنے کیلئے آلات اور انہیں جدید تربیت بھی دلوائی جائے گی ۔ انہوں نے سانحہ یوحنا آباد کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ واقعے کے بعد پنجاب حکومت کا رد عمل درست تھا ، اس سانحے میں پولیس کے جوان نے گر جا گھر کی حفاظت کے لئے اپنی جان کی قربانی دی اور ایک پولیس اہلکار اپنی جان ہی پیش کر سکتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سانحہ یوحنا آباد مسلم مسیحی فسادات کرانے کی کوشش تھا جسے مسلم سکالرز اور مسیحی رہنماؤں نے دانشمندی اور برد باری کا مظاہرہ کر کے ناکام بنایا ۔ انہوں نے کہا کہ صرف گر جا گھروں پر حملوں کے مجر موں ہی نہیں بغیر ثبوتوں کے دو افراد کو زندہ جلانے والوں کو بھی نہیں چھوڑا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں