مسیحی برادری اور انکی عبادت گاہوں کے تحفظ کے لیے فول پروف انتظامات کئے جائیں‘ منظور وٹو

منگل 17 مارچ 2015 17:13

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17مارچ۔2015ء) پیپلز پارٹی سنٹرل پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو نے کہا ہے کہ اُن تمام لوگوں کے خلاف قانون کے مطابق بلا امتیاز کارروائی کی جائے جو پچھلے دو دنوں میں قیمتی جانوں کے ضیاع اور قومی املاک کو نقصان پہنچانے کے ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مسیحی برادری اور انکی عبادت گاہوں کے تحفظ کے لیے فول پروف انتظامات کئے جائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پچھلے دو دنوں میں لاہور میں جو جانی اور مالی نقصانات ہوئے ہیں وہ پنجاب حکومت کی کمل عقلی اور نا اہلی کا منہ بولتا ثبوت ہیں جو وقت پر اچھے انتظامی فیصلے کرنے کی اہلیت سے عاری معلوم ہوتی ہے۔ انہوں نے یاددلایا کہ ماڈل ٹاؤن کے سانحہ میں حکومت نے بلا اشتعال طاقت کا استعمال کرتے ہوئے 14 سے زائد لوگوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا اور حالیہ لاہور کے واقعہ میں حکومت خاموش تماشاہی نظر آئی اور لوگوں کے جان و مال کی حفاظت کرنے کی آئینی ذمہ داری پوری کرنے میں بری طرح ناکام ہوئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری اچھی طرح سمجھتی ہے کہ دہشتگرد تمام پاکستانیوں کے جانی دشمن ہیں جنکے ہاتھ 40 ہزار سے زائد ہم وطنوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں جن میں اکثریت مسلمانوں کی ہے۔ میاں منظور احمد وٹو نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ نیشنل ایکشن پلان کو عملی جامہ پہنانے میں بڑی جرات اور مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشتگردوں اور انتہاء پسندوں کو جلد از جلد جہنم رسید کرے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں