دو افراد کو زندہ جلانے والوں کے خلاف مقدمہ انسداد دہشت گردی عدالت میں بھجوانے کا فیصلہ ، وزیر اعلیٰ پنجاب کا املاک کو نقصان پہنچانے کی فوری گرفتاری کاحکم ،یوحنا آباد میں دہشت گردی کا واقعہ قوم کو تقسیم کرنے کی بد ترین سازش ہے، مسیحی برادری کے غم میں برابر کے شریک ہیں،مساجد ، امام بار گاہوں ، گرجا گھروں اور عبادتگاہوں کی سکیورٹی کا از سر نو جائزہ لے کر فول پروف بنایاجائے،وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں یوحنا آباد واقعے کے تناظر میں تمام صورتحال کا تفصیلی جائزہ

منگل 17 مارچ 2015 22:33

دو افراد کو زندہ جلانے والوں کے خلاف مقدمہ انسداد دہشت گردی عدالت میں بھجوانے کا فیصلہ ، وزیر اعلیٰ پنجاب کا املاک کو نقصان پہنچانے کی فوری گرفتاری کاحکم ،یوحنا آباد میں دہشت گردی کا واقعہ قوم کو تقسیم کرنے کی بد ترین سازش ہے، مسیحی برادری کے غم میں برابر کے شریک ہیں،مساجد ، امام بار گاہوں ، گرجا گھروں اور عبادتگاہوں کی سکیورٹی کا از سر نو جائزہ لے کر فول پروف بنایاجائے،وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں یوحنا آباد واقعے کے تناظر میں تمام صورتحال کا تفصیلی جائزہ

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 مارچ۔2015ء) وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ یوحنا آباد میں پیش آنے والے واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے -یوحنا آباد میں دہشت گردی کے واقعے قوم کو تقسیم کرنے کی بد ترین سازش ہیں- دہشت گردوں کا کو ئی مذہب ہے نہ ہی وہ انسان کہلانے کے حقدار ہیں-پوری قوم دہشت گردوں کے خاتمے کی جنگ میں متحد ہے اور امن کے دشمنوں کو عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑے گا-مسیحی ہمارے بھائی ہیں او ران کے غم میں برابر کے شریک ہیں -وزیراعلیٰ نے افسوسناک واقعے کے بعد املاک کو نقصان پہنچانے او رتوڑ پھوڑ کرنے والوں کو فوری گرفتار کر کے قانون کے تحت کارروائی عمل میں لانے کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجاز ت نہیں دی جا سکتی -شہریوں کے جان ومال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے جسے وہ ہر قیمت پر پورا کرے گی ،وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ دو افراد کو زندہ جلانے والوں کی فوری گرفتاری عمل میں لائی جائے ، دو افراد کو زندہ جلانے والوں کے خلاف مقدمہ انسداد دہشت گردی کی عدالت میں بھجوایا جائے گا۔

(جاری ہے)

منگل کو یہاں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں صوبے میں امن وامان کی مجموعی صورتحال خصوصاً یوحنا آباد میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے کے تناظر میں تمام صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیاگیا ۔وزیراعلیٰ پنجاب نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ امن عامہ کی فضا برقرار رکھنے کے لئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں اور شرپسندوں پر کڑی نظر رکھی جائے -وزیراعلیٰ نے کابینہ کمیٹی برائے امن وامان کو ہدایت کی کہ مساجد ، امام بار گاہوں ، گرجا گھروں اور عبادتگاہوں کی سکیورٹی کا از سر نو جائزہ لے کر فول پروف بنایاجائے اور اس ضمن میں تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں-انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے انٹیلی جنس کا موثر نظام انتہائی ضروری ہے لہذا متعلقہ ادارے اس ضمن میں ٹھوس اقدامات کریں-انہوں نے کہاکہ قوم کے اتحاد کی طاقت سے دہشت گردوں اور ا ن کے سہولت کاروں کو نشان عبرت بنا دیں گے -یوحنا آباد میں گرجا گھروں پر حملے کی منصوبہ بندی کرنے والے قانون کی گرفت سے نہیں بچ پائیں گے-اجلاس کے دوران یوحنا آباد دھماکو ں میں جاں بحق ہونیوالے مسیحی بھائیوں کے غم میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی جبکہ جاں بحق ہونے دیگرافراد سمیت پولیس کانسٹیبل کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی- اجلاس میں افسوسنا ک واقعے کا مختلف پہلو ؤں سے تفصیلی جائزہ لیا گیا اور مستقبل میں ایسے واقعات کے تدارک کے لئے حکمت عملی پر غور کیا گیا-صوبائی وزراء کرنل (ر) شجاع خانزادہ،خلیل طاہر سندھو،اراکین صوبائی اسمبلی رانا ثناء اللہ، سید زعیم حسین قادری، ، معاون خصوصی رانا مقبول احمد، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں