پی ٹی آئی پارٹی الیکشن میں ہونیوالی بے قاعدگیوں کی تحقیقات کرنیوالے کمیشن نے کور کمیٹی اور سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کو تحلیل کرنے کی سفارش کردی ،چیئرمین کے سوا تمام عہدیداروں کو فارغ کر کے تین ماہ میں انٹرا پارٹی الیکشن کروائے جائیں، دو رکنی تحقیقاتی کمیشن کی سفارشات،کمیشن کی سفارشات پر غور کے لیے تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اہم اجلاس اتوار کو اسلام آباد میں طلب کرلیا گیا ‘ نجی ٹی وی

بدھ 18 مارچ 2015 22:33

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 مارچ۔2015ء) تحریک انصاف کے پارٹی الیکشن میں ہونے والی بے قاعدگیوں کی تحقیقات کرنے والے کمیشن نے پی ٹی آئی کی کور کمیٹی اور سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کو تحلیل کرنے کی سفارش کردی ، کمیشن کی سفارشات پر غور کے لیے تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اہم اجلاس اتوار کو اسلام آباد میں طلب کرلیا گیا ۔نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ وجیہہ الدین احمد اور ملک یوسف گبول پر مشتمل تحریک انصاف کے دو رکنی تحقیقاتی کمیشن نے انٹرا پارٹی الیکشن میں ہونے والی بے قاعدگیوں کے حوالے سے اپنی سفارشات مرتب کرلی ہیں۔

(جاری ہے)

کمیشن نے اپنی رپورٹ پارٹی چیئرمین عمران خان کو پیش کردی ہے۔ کمیشن کی سفارشات میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین عمران خان کے سوا تمام عہدیداروں کو فارغ کر کے تین ماہ میں انٹرا پارٹی الیکشن کروائے جائیں۔عمران خان نے کمیشن کی سفارشات پر غور کرنے کے لیے 22مارچ کو شام چار بجے بنی گالہ میں پارٹی کے رہنماؤں کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔ اجلاس میں کور کمیٹی اور سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی سمیت تمام تنظیموں کی تحلیل کے حوالے سے اہم فیصلے متوقع ہیں۔ عمران خان کو پارٹی میں من پسند لوگوں کو نوازنے کی شکایت موصول ہوئی تھی جس پر انہوں نے دو رکنی کمیشن بنایا تھا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں