ہارس اینڈ کیٹل شو کے ذریعے قومی یکجہتی او ربھائی چارے کی فضا کوفروغ دیا گیا‘ محمد شہبازشریف

جمعرات 19 مارچ 2015 17:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مارچ۔2015ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہاہے کہ پنجاب حکومت نے نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنایا اور ہارس اینڈ کیٹل شوکے ذریعے پاکستان کی قومی ثقافت کے دلفریب رنگ خوبصورت انداز میں اجاگر کئے گئے،قومی میلہ اسپاں و مویشیاں کے ذریعے قومی یکجہتی او ربھائی چارے کی فضا کو فروغ دیا گیا، بلاشبہ آج معاشرے میں یکجہتی، بھائی چارے اور اخوت کی فضا کو پروان چڑھانے کی ضرورت ہے ، آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین نے دن رات محنت کر کے شو کو کامیاب بنایا جس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے یہ بات ہارس اینڈ کیٹل شو کی آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین کے اعزاز میں ماڈل ٹاؤن میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین کوہارس اینڈ کیٹل شوکے دوران شاندار انتظامات کرنے پر شاباش دیتے ہوئے کہاکہ ہارس اینڈ کیٹل شو کے کامیاب انعقاد کے ذریعے حکومت پنجاب نے عوام کو بہترین تفریح فراہم کی -ہارس اینڈ کیٹل شو میں عوام نے بھی غیر معمولی دلچسپی کا اظہار کیا - قومی میلہ اسپاں ومویشیاں میں عوام کی بھرپور شمولیت لائق تحسین ہے-میلے کے ذریعے نہ صرف پنجاب بلکہ پاکستان کی ثقافت کے تمام رنگ نظر آئے-انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت نے میلہ مویشیاں کی تجدید کے ساتھ صوبے میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو بھی فروغ دیا ہے اور مستقبل میں بھی ایسی تفریحی سرگرمیاں جاری رکھی جائیں گی-انتہاپسندی کے رجحانات کے خاتمے کیلئے ایسی صحت مندانہ اور مثبت سرگرمیوں کا فروغ وقت کی ضرورت ہے۔

ڈی جی پنجاب رینجرز میجر جنرل خان طاہر جاوید خان ،ایم این اے پرویز ملک ، ایم پی اے میاں مرغوب احمد ، چیف سیکرٹری، انسپکٹرجنرل پولیس،ایڈیشنل چیف سیکرٹری ، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، متعلقہ محکموں و اداروں کے اعلیٰ حکام اورانتظامی افسران نے تقریب میں شرکت کی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں