راولپنڈی، دہشت گردی کیخلاف جنگ میں بلا تخصیص آپریشن ملک کے مفاد میں ہے، ملک نصراللہ

جمعہ 20 مارچ 2015 13:15

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20مارچ۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ ن یوتھ آرگنائزیشن کے ڈویژنل صدر ملک نصراللہ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بلا تخصیص آپریشن ملک کے مفاد میں ہے اور حکومت پاک فوج کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کام جاری رکھے گی ․ اس عمل میں اگر کسی سیاسی جماعت کے کارکن یا راہنماء بھی دہشت گردی کے ساتھ جڑے پائے جاتے ہیں تو انہیں ہر گز معاف نہیں کیا جائیگا ․ اب وقت آ گیا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں اپنے مسلح ونگز ختم کرکے ترقی کے قومی دھارے میں ایک جمہوری جدوجہد کے ساتھ شریک ہوں․ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ایم کیو ایم کے خود ساختہ جلا وطن راہنماء الطاف حسین کے بارے میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے ریمارکس پوری قوم کے جذبات کی ترجمانی کرتے ہیں ․ انہو ں نے کہا کہ مسلم لیگ ن خود دہشت گرد یا تشدد پسند ہے اور نہ کسی اور دہشت گرد یا تشدد پسند سیاسی جماعت کو تحفظ فراہم کرے گی ․ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے سربراہ الطاف حسین کے بارے میں جرات مندانہ موقف اپنا نے اور اس کا اظہار کرنے پر چوہدری نثار علی خان مبارکباد کے مستحق ہیں ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں