لاہورمیں مردہ/بیمار جانوروں کے گوشت فروخت کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن جاری،157364کلوگرام گوشت تلف،1073افراد گرفتار

جمعہ 20 مارچ 2015 21:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20مارچ۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پرپنجاب کے دارلحکومت لاہورمیں مردہ/بیمار جانوروں کے گوشت کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اس سلسلہ میں لاہورمیں اس گھناؤنے اورمکروہ دھندے میں ملوث افراد کو کیفرکردارتک پہنچایاجارہاہے۔ نسیم صادق سیکرٹری لائیوسٹاک کی طرف سے ٹال فری نمبر 080009211کااجراء کیاگیا جس پر خریدارSMSکرکے ٹیگ شدہ گوشت کی تصدیق کرسکتے ہیں انہوں نے کہاکہ لوگ بغیرٹیگ لگااورٹکڑوں میں تقسیم شدہ گوشت نہ خریدیں۔

محکمہ کی طرف سے اس گھناؤنے دھندے میں ملوث جو جعلی مہریں لگاکر مردہ بچھڑوں کے گوشت کوبکرے کاگوشت کہہ کر فروخت کرنے کی کوشش ناکام بنادی گئی ہے ۔ انہوں نے مزید کہاکہ ڈیپارٹمنٹل سٹورزاورشادی ہال مالکان بغیرٹیگ لگاگوشت نہ خریدیں اسی سلسلہ میں مردہ، بیمارجانوروں کابغیرٹیگ لگاگوشت بصورت ران/ دستی لاہورکے مختلف ڈیپارٹمنٹل سٹورز کوسپلائی کرنے کاانکشاف ہواہے جس کو روکنے اورکاروائی کرنے کے لیے محکمہ لائیوسٹاک کی ٹیمیں تشکیل دی جاچکی ہیں۔

(جاری ہے)

ایک مسافربس جوکہ لاہورآرہی تھی اس میں مردہ جانوروں کے گوشت کی بڑی کھیپ پکڑی گئی محکمہ نے ان کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے ملزمان کو حوالہ پولیس کرایا۔ اسی کمپنی کی بسیں اس گھناؤنے دھندے میں پہلے بھی ملوث رہ چکی ہیں لہٰذا مالک ”عدنان طیارہ “اورمنیجر کو جیل بھجوانے کے لیے کیس ہوم ڈیپارٹمنٹ کو بھجوادیاگیاہے۔ لاہورمیں مردہ جانوروں کے گوشت کے دھندے میں ملوث 34 افراد کی پشت پناہی اس مافیاکے 2افرادکررہے ہیں جن کی فہرست شائع کردی گئی ہے۔

ان 34 افراد کے خلاف پہلے ہی 50سے زائد مقدمات درج ہوچکے ہیں اور ان کو جیل بھجوانے کے لیے ہوم ڈیپارٹمنٹ کو تحرک کردیاگیاہے۔ محکمہ لائیوسٹاک اورسٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کی طرف سے مردہ/غیرمعیاری 157364کلوگرام گوشت تلف اور 1073افراد کے خلاف مقدمات درج کرواکے حوالہ پولیس کیاجاچکاہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں